Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاج محل غداروں نے بنوایا تو وزیر اعظم لال قلعہ سے تقریر نہ کیا کریں، اسد اویسی

    حیدرآباد۔۔۔۔۔۔ دنیا بھر میں محبت کی بے مثال اور حیرت انگیز نشانی تاج محل کو لے کر جو تنازع پیدا ہوا ہے   وہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔  اس معاملے پر  رکن پارلیمنٹ   و  صدر  مجلس  اسد الدین اویسی نے اترپردیش کے بی جے پی رکن اسمبلی  سنگیت سوم کی جانب سے تاج محل پر کئے گئے  تبصرہ پر  ردعمل ظاہر کرتے ہوئے  چیلنج کیا  کہ اگرتاج محل غداروںنے تعمیر کیا ہے تو حکومت    اس کی سیاحت کیلئے  ہندوستان آنے والوں سے یہ کہہ دے کہ اس عمارت کا مشاہدہ نہ کیاجائے ۔اگر حکومت میں ہمت ہے  تو وہ یونیسکو سے یہ کہہ دے کہ اس کو عالمی ثقافتی ورثہ کی حامل عمارتوں کی فہرست سے  نکال دیا جائے۔ صدر مجلس نے دارالسلام میں پیر کو  میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اگرواقعی یہ عمارتیں  غداروں نے تعمیرکی ہیں  تو پھر وزیراعظم  نریندر مودی کیوں لال قلعہ سے  قومی پرچم لہراتے ہیں؟ وہ لال قلعہ سے جھنڈا لہرانا چھوڑ دیں اور  ہر سال یوم آزادی پر  لال قلعہ سے وزیراعظم کو  تقریر بھی نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ کیا  وزیراعظم مودی  نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں بیرونی مندوبین کی  میزبانی  بھی چھوڑ دیں ، جس کو  غداروں نے تعمیرکیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ درحقیقت مودی نے 25لاکھ روپے سے زائد کا سوٹ پہن کر اسی حیدرآباد ہاؤس میں امریکی صدر اوباما کو چائے پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بیان بازی سے یہ واضح ہوتا ہے کہ حکومت کی  ترجیحات کیا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے  دستورپر حلف اٹھانے والے   رکن اسمبلی کی جانب سے  تاج محل پر  مغرور اندازمیں  بیان بازی افسوس کی بات ہے۔  وہ تاریخ کو نظرانداز کرنے کی بات کرتے ہیں۔  واضح رہے کہ گزشتہ روز اتوار کو  یوپی اسمبلی میں بی جے پی کے رکن اسمبلی  اور  مظفر نگر  فسادات کے ملزم  سنگیت سوم نے   اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ  تاج محل ہندوستانی ثقافت کا حصہ نہیں ہے۔  یہ  عمارت  غداروں کی تعمیر کرائی ہوئی ہے جو  صرف  ایک عمارت ہے۔   انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ  ہندوستان کی تاریخ میں  ایسے  غدار ا یک  سیاہ داغ ہیں جن کو  تاریخ سے اب  علیحدہ کردیا جائے گا۔  اسد اویسی نے پیر کو  سنگیت سوم کی  اشتعال انگیزی کا جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ  غداروں کی تعمیر کردہ  کن کن عمارتوں سے  حکومت  خود کو  دستبردار کرے گی۔ انہوں نے  کہا کہ سنگیت سوم جیسے  بی جے پی کے افراد  اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں اور مودی  اور یوگی حکومتیں دونوں ہی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔

شیئر: