Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افسران آئندہ وزراءاور ارکان اسمبلی کا اٹھ کر خیر مقدم کرینگے، یوگی

لکھنو.... اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی وزیر ، رکن اسمبلی یا رکن پارلیمنٹ کے آنے پر انکا کھڑے ہو کر خیر مقدم کیا جائے او رانہیں اولیت دی جانی چاہئے۔ ریاست کے چیف سیکریٹری راجیو کمار نے اس سلسلے میں گزشتہ روز ایک حکمنامہ بھی جاری کیا ہے جس میں ریاست کے سبھی اعلیٰ افسران اور پولیس سے کہا گیا ہے کہ وزراء اور منتخب نمائندوں کا خیرمقدم کرنے کے وقت ان کی بات کو پہلے سنا جائے اور تمام کام روک دیئے جائیں۔ اگر کوئی افسر وزیر یا رکن اسمبلی کے آنے پر کسی سے فون پر بات کر رہا ہے تو اسے جلد از جلد ختم کرنے کی کوشش کی جائے تا کہ وزیر کا وقت ضائع نہ ہو۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وزیر کے آنے سے قبل اگر کوئی افسر کسی ضروری کام میں مصروف ہے تو اسکے بارے میں اسے پہلے مطلع کر دیا جائے۔ غور طلب ہے کہ حکم نامہ میں ریاست کے ارکان اسمبلی کو بھی عزت و احترام دینے کی بات کہی گئی ہے۔ افسران پر یہ لازمی کر دیا گیا ہے کہ وہ وزیر یا منتخب نمائندے کے ان کے دفتر میں پہنچ کر کھڑے ہو کر ان کا احترام کریں یہی نہیں بلکہ انکی چائے اور ناشتے کابھی انتظام کیا جائے۔ میڈیا کے مطابق حکمنامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کوئی وزیر ، رکن اسمبلی یا رکن پارلیمنٹ اجلاس کے بعد باہر نکلیں تو انہیں انکی سلامتی کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ یوگی نے یہ اقدام اس شکایت کے بعد کیا ہے جس میں ایک خاتون افسر نے ایک رکن اسمبلی کی بات ماننے سے انکار کر دیا تھا اور اسے خاطر میں نہیں لائی تھی۔ ریاست کے مغربی شہر میںتعینات خاتون سرکل افسر نے حکمراں جماعت بی جے پی کے رکن اسمبلی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پارٹی کی ساکھ خراب کر رہے ہیں۔ اس و اقعہ کا ویڈیو بھی وائرل کیا گیا جس میں خاتون سی اورکن اسمبلی کو دھمکی دیتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔
 

شیئر: