Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کتے چہرے کے تاثرات سے انسانوں کی توجہ حاصل کرتے ہیں

لندن ....کتے جب اپنی آنکھوں سے کوئی تیور دکھاتے ہیں تو وہ انسانوں کے فائدے کیلئے ہوتا ہے۔ اپنے لئے وہ ایسا شاذو نادر ہی کرتے ہیں۔ ایک تازہ تحقیق میں یہ بات بتائی گئی ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ جانور بھی انسانوں کو اپنے چہرے کے تاثرات سے آگاہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انکی اپنی برادری میں ان تیوروں کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہوتی۔ سائنسدان ماضی میں یہی خیال کرتے رہے ہیں کہ جانوروں کے چہرے کے تاثرات غیر ارادی ہوتے ہیں اور یہ جذباتی صورتحال پر منحصر ہوتے ہیں۔ انکا ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کے حوالے سے کوئی تعلق نہیں ہوتا تاہم کتوں کی قوت مدرکہ سے متعلق پورٹسماﺅتھ یونیورسٹی کے ماہرین نے تحقیق کے دوران انکشاف کیا ہے کہ کتے اپنے چہرے کے تاثرات اسی وقت ظاہر کرتے ہیں جب ان کے اردگرد انسان موجود ہوں۔ یہ انکی جانب سے انسانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کا ایک وتیرہ ہوتا ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ”پپی ڈاگ آئز“ ان آنکھوں کو کہتے ہیں جس میں کتا اپنی بھوں چڑھا لیتا ہے تاکہ اس کی آنکھیں زیادہ بڑی دکھائی دیںاور اسکے ساتھ ہی وہ ا پنی آنکھوں کو مغموم ظاہر کرتا ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ اس قسم کی آنکھیں کتوں میں سب سے زیادہ دیکھی گئی ہیں۔ ماہرین یہ نہیں جانتے کہ آیا کتوں کو یہ علم ہوتا ہے یا نہیں کہ وہ ایسی آنکھیں بنا کر یا چہرے کے ایسے تاثرات ظاہر کرکے اداس اور مغموم دکھائی دیتے ہیں۔ یہ بھی امکان ہے کہ وہ یہ سمجھتے ہوں کہ آنکھیں پھیلا کر بھنویں چڑھا کر انسانوں کے سامنے تاثرات دیئے جائیں تو ان سے ہمدردی حاصل ہوتی ہے اور یہ تاثر انسانوں میں رحم کے جذبات پیدا کرنے میں کارگر ثابت ہوتا ہے۔ کتوں کے ماہر جولیانی کمنز کا کہناہے کہ اب ہم یہ بات اعتماد سے کہہ سکتے ہیں کہ کتوں کی جانب سے جو چہرے کے تاثرات دیئے جاتے ہیں وہ اپنے اردگرد موجود لوگوں کی توجہ پر مبنی ہوتے ہیں اور وہ محض اسلئے نہیں ہوتے کہ ان سے کتا متاثر ہورہا ہے۔ یعنی یہ اس کے ذہن میں موجزن ہونے والے جذبات کی عکاسی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے مطالعے کے دوران یہ بات نوٹ کی کہ جب کتے کو کوئی شخص بغور دیکھ رہا ہو تو وہ مزید تاثرات ظاہر کرتا ہے۔ تاہم اسکے سامنے جب کھانے پینے کی اشیاءلائی جاتی ہیں تو ایسے اثرات دیکھنے میں نہیں آتے۔ اس مطالعے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ کتے انسانوں کی توجہ کے حوالے سے کافی حساس ہوتے ہیں نیز انکے تاثرات انسانوں کی توجہ حاصل کرنے، اپنے جذبات کا اظہار کرنے اور ان سے روابط استوار کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔
 

شیئر: