Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی ترانے پر کھڑے ہونا حب الوطنی نہیں ، اسد

حیدرآباد۔۔مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینما ہالوں میں قومی گیت بجتے وقت کھڑا ہونا حب الوطنی نہیں۔ انہوں نے عدالتی فرمان کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ  سینما ہالوں میں قومی ترانہ بجانے کے سلسلے میں مودی حکومت نے جو موقف اختیار کیا ہے اس کو سپریم کورٹ نے مسترد کردیا ہے اور وہ اس  عدالتی اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے اپنے پہلے حکم نامے میں تبدیلی نہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حب الوطنی ثابت کرنے کیلئے سینما ہال میں قومی ترانہ بجنے کے دورا ن کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ  سینما گھروں میں قومی ترانہ بجانے کے معاملے سے متعلق قوانین میں ترمیم پر غور و غوض کرے۔  اسدالدین اویسی  نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ سینما ہال میں قومی ترانہ  بجتے وقت لوگوں کو کھڑے ہونے کیلئے مجبور نہیں کیا جاسکتا ۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سبھی فریقوں کو دھیان میں رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  زیادہ تر لوگ سیروتفریح کے مقصد کے تحت سینما  ہال  جاتے ہیں تاکہ وہاں من پسند فلم دیکھ سکیں ایسے میں کسی شخص پر یہ دباؤ ڈالنا کہ وہ  قومی ترانے  کے وقت  کھڑا ہوجائے یا اس پر  جبر کرکے تشدد کیا جائے یہ باتیں  غیرقانونی اور غیر آئینی ہیں۔  ہاں اگر کوئی خاص موقع  ہو جیسے  یوم آزادی یا  یوم جمہوریہ کی تقریبات تو ان میں شرکت کرنے والوں کو  یہ اختیار حاصل ہے کہ قومی ترانے کے وقت وہ کھڑے ہوجائیں۔  انہوں نے کہا کہ سینما ہال میں  قومی ترانے کے وقت کھڑے ہونے سے یہ بات واضح نہیں ہوتی کہ کون کتنا حب الوطن ہے ۔  واضح رہے کہ مودی حکومت نے  سینما ہالو ں میں قومی ترانے کو لازمی  قررا دے کر حکم دیا ہے کہ  ترانہ  بجتے وقت  وہاں موجود ہر شخص کو کھڑا ہوجانا چاہیئے جس پر سپریم کورٹ نے مذکورہ فیصلہ دیا۔ 
 

شیئر: