Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیف سلیکٹرکابھتیجاہونابڑا مسئلہ بن چکا ،امام الحق

کراچی:نوجوان بیٹسمین امام الحق نے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کابھتیجاہونا میرے لئے بڑا مسئلہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے اضافی دباﺅ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے باعث مجھے بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے کا اضافی حوصلہ بھی مل رہا ہے بخوبی جانتا ہوں کہ جس دن بھی میں کسی میچ میں ناکامی کا شکار ہوا تو مجھ پر دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں دگنی تنقید کی جائے گی کہ صرف چیف سلیکٹر انضمام الحق سے رشتہ داری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ ہوں اور میرا ٹیلنٹ کسی کو دکھائی نہیں دے گا۔امام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کے بعد قائداعظم ٹرافی کےلئے بھی میں کارکردگی کی بنیاد پر منتخب ہوا تاہم اس کے باوجود میری سیلیکشن پر تنقید کی جارہی ہے۔نوجوان بیٹسمین نے کہا کہ میں اپنی اچھی کارکردگی سے تنقید کا جواب دینے پر یقین رکھتا ہوں ۔
مزید پڑھیں:دورہ نیوزی لینڈ: کامران اکمل کی نو انٹری
 قومی ٹیم میں منتخب ہو نے کے بعد اسی طرح نقادوں کے منہ بند کئے تھے۔سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری اسکور کرنے والے امام الحق نے کہا کہ وہ اپنی اب تک کی کارکردگی سے مطمئن ہوں ، ملک او ر قومی ٹیم کے لئے مزید بہت کچھ کرناچاہتا ہوں۔ انہوں نے اپنی اچھی کارکردگی کاسہرا کوچز کے سرباندھا اور کہا کہ ان کی رہنمائی نے مجھے یہاں تک پہنچایا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے سخت محنت کررہا ہوں۔ سب سے بڑا خواب یہی ہے کہ میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کےلئے وہ سب کچھ کرسکوں جو اپنے دور میں میرے چچا انضمام الحق نے کیا۔امام الحق کا مزید کہنا تھاکہ انضمام فتح گر کھلاڑی تھے اور انہوں نے پاکستانی ٹیم کو کئی فتوحات سے ہمکنار کیا، میں بھی پاکستان کے لئے ایسا ہی نمایاں کھلاڑی بننا چاہتا ہوں ۔

شیئر: