Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کی توہین پر منی شنکر کانگریس سے معطل

    نئی دہلی۔۔۔۔۔۔  وزیراعظم کیخلاف توہین آمیز ریمارکس دینے پر  شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے اپنے سینیئر  لیڈر منی شنکر ائر کو  بنیادی رکنیت سے معطل کردیا ہے۔  یہ بات  پارٹی کے  ترجمان رندیپ سرجے والا  نے بتاتے ہوئے کہا کہ  ائر کو پہلے  شوکاز نوٹس دیا گیا تھا۔  انہوں نے کہا کہ  اس اقدام سے  یہ بات واضح ہوگئی  کہ کانگریس قیادت اپنے  سیاسی حریفوں کا بھی احترام کرتی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم نریندر مودی بھی اسی طرح  کا حوصلہ دکھائیں گے؟  منی شنکر ائر نے راہول گاندھی کو  مسلسل  ہدف تنقید بنانے پر  ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے  وزیراعظم نریندر مودی کیخلاف  ایسے  توہین آمیز ریمارکس دیئے تھے جس پر کانگریس پارٹی  کی گجرات میں پوزیشن  خراب ہونے کا  خدشہ پیدا ہوگیا تھا ۔ راہول گاندھی نے  ریمارکس کے فوراً بعد منی شنکر ائر سے کہاکہ وہ  و زیراعظم مودی سے  معافی مانگیں۔ ائر نے کہا کہ وہ  ہندی نہیں جانتے   اور جس لفظ کو انہوں نے  وزیراعظم کیخلاف استعمال کیا تھا  اس کے معنیٰ بھی  جو ہندی میں ہیں  اس سے ان کا مطلب نہیں تھا۔  وہ وزیراعظم  کا احترام کرتے ہیں اور ان سے معذرت خواہ ہیں۔  کانگریس نے  اس معافی کو نظرانداز کرتے ہوئے منی شنکر ائر کو شوکاز نوٹس دینے کے بعد  آخرکار ان کے جواب  پر  عدم اطمینان  کا اظہار کیا اور  پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کردیا۔

شیئر: