بیجنگ.... چین کی ارمچی ایئر کی ایک ایئر ہوسٹس کو دوران پرواز بچا کھچا کھانا کھانے پر معطل کردیا گیا۔ یہ طیارہ شمال وسطی چین جارہا تھا۔ اس کے کھانا کھانے کی تصویر کسی مسافر نے اپنے موبائل فون سے اتار لی اور ویب سائٹ پر ڈالدی۔ بعد میں ارمچی ایئر نے بیان جاری کیا کہ ایئر ہوسٹس نے صرف تفریح کے مقصد سے اپنا وڈیو فلمبند کروائی تھی۔ بیجنگ نیوز کے مطابق یہ طیارہ ینچوان ایئرپورٹ سے اڑا تھا اور یہ وڈیو پرواز کے 45منٹ بعد تیار کی گئی۔ایئر ہوسٹس کو پرواز میں رکھے ہوئے کھانے کے 15ڈبوں میں سے ایک میں کھانا کھاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ارمچی ایئرلائن نے پورے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ اس وڈیو پر اب سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے اور کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ ایئر ہوسٹس کو معطلی کی سزا بہت زیادہ ہے کیونکہ یہ وہ کھانا تھا جو مسافر کھاچکے تھے اور ان سے بچ گیا تھا۔ لوگوں نے کہاکہ ایسا کھانا کھانے میں آخر کیا قباحت تھی۔ آخر وہ بھوکی تھی اس لئے کھارہی تھی۔