خان ہشام بن صدیق کی سعودی وزیر تعلیم سے ملاقات
جمعرات 14 دسمبر 2017 3:00
ریاض (جاوید اقبال ) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر احمد بن العیسی سے ریاض میں ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان سے مملکت میں مقیم پاکستانیوں کے تعلیمی امور پرتبادلہء خیال کیا۔ خان ہشام بن صدیق نے ڈاکٹر احمد بن العیسی سے سعودی عرب میں قائم پاکستان انٹرنیشنل اسکولوں کے بارے میں تفصیلی بات کی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ سفارتخانہ ریاض اور دمام میں سعودی وزارت تعلیم کے قواعد و ضوابط کے مطابق اسکولوں کی عمارتیں تعمیر کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے ان منصوبوں کی جلد تعمیر کے لیے وزارت تعلیم سے تعاون کی درخواست کی۔ وزیر تعلیم نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ سفیر پاکستان نے مملکت میں مقیم اپنے ہموطن تارکین وطن کے بچوں کی اعلی تعلیم کے حصول میں حائل مشکلات کا ذکر کیا۔ ڈاکٹر احمد بن العیسی نے واضح کیا کہ سعودی جامعات میں انڈر گریجویٹ اسٹڈیز کیلئے پاکستانی طلباء کے لیے سرکاری وظائف پر نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔ خان ہشام بن صدیق نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے اعلی تعلیمی اداروں میں پاکستانی اور سعودی طلباء کے درمیان باہمی تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کا تبادلہ ہونا چاہیئے ، جس پرڈاکٹر احمد بن العیسی نے کہا کہ طلباء کو ایک دوسرے کے تعلیمی ماحول کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ سفیر پاکستان نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعاون پر وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کیا۔