Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشین گن سے فائر جیسی آوازیں نکالنے والی مچھلی دریافت

    میکسیکو سٹی - - -  - امریکی ماہرین نے دنیا کی سب سے زیادہ شور مچانے والی مچھلی دریافت کرلی ہے جو ایسی آوازیں نکالتی ہے جیسے مشین گن سے فائرنگ ہورہی ہو۔میکسیکو میں جس مقام پر دریائے کولوراڈو سمندر میں گرتا ہے، اس ڈیلٹا کے قریب ہی سمندر میں مچھلی کی یہ قسم پائی جاتی ہے جو ہر سال فروری سے جون تک کے مہینوں میں یہاں اپنی نسل بڑھانے کی غرض سے آتی ہے۔ ’’گلف کوروینا‘‘   کہلانے والی یہ مچھلیاں دریا کے دہانے کے قریب ایسے سمندری مقامات پر جمع ہوتی ہیں جہاں کا پانی بہت گدلا ہوتا ہے۔  ان مچھلیوں کی آوازیں اتنی عجیب و غریب اور اونچی ہوتی ہیں کہ یوں لگتا ہے جیسے مشین گن سے تڑاتڑ گولیاں برسائی جارہی ہوں۔ یہ سلسلہ ہر سال فروری سے جون تک جاری رہتا ہے جس میں بتدریج شدت آتی ہے اور پھر شور کم ہوتا چلا جاتا ہے۔یونیورسٹی آف ٹیکساس، آسٹن کے بریڈ ایرسمین اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان ڈیاگو کے ٹموتھی روول نے ان مچھلیوں پر طویل تحقیق کرنے کے بعد ان کی آوازیں ریکارڈ کی ہیں جن کی ایک آڈیو فائل انہوں نے عوامی دلچسپی کیلئے  ’’ساؤنڈ کلاؤڈ‘‘ پر بھی رکھ دی ہے۔  گلف کوروینا کی یہ آوازیں انہوں نے خاصے فاصلے سے ریکارڈ کی ہیں جنہیں سن کر ایسا لگتا ہے جیسے دور کہیں پر مشین گن یا کلاشنکوف سے فائرنگ کی جارہی ہو۔ اس دلچسپ تحقیق کے نتائج ریسرچ جرنل ’’بائیالوجی لیٹرز‘‘ میں شائع ہوئے ہیں۔

شیئر: