Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہماری مملکت ہماری رگوں میں دوڑتی ہے‘: سعودی انفلوئینسر یارا النملہ

نفلوئینسر یارا النملہ بیوٹی برانڈ ’مُون گلیز‘ کی بانی ہیں (فوٹو بشکریہ فوربز مڈل ایسٹ)
سعودی بیوٹی انٹرپرینیور اور سوشل میڈیا انفلوئینسر یارا النملہ نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ آن لائن معلومات شیئر کرنے سے پہلے ان کی تصدیق کریں۔ انہوں نے مملکت کے ایئرپورٹس پر حملوں کی لہر کے دوران ’بیانیے کی جنگ‘ سے خبردار کیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں ریاض سے تعلق رکھنے والی بیوٹی برانڈ ’مُون گلیز‘ کی بانی یارا النملہ نے اپنے مداحوں کو یقین دلایا کہ مملکت میں لوگ معمول کے مطابق روزمرہ کے کام انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم صبح اٹھتے ہیں، کام پر جاتے ہیں، کچھ لوگ جم جاتے ہیں، کچھ چہل قدمی کرتے ہیں اور دوسرے لوگ خریداری کے لیے نکلتے ہیں۔ ہم اپنی زندگی معمول کے مطابق گزار رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہماری قیادت کی بدولت ہم امن و امان اور تحفظ کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔‘
یارا النملہ نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا کہ وہ غلط معلومات کا مقابلہ کریں، آگاہی پھیلائیں اور تازہ صورتحال جاننے کے لیے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم بیانیے کی جنگ کا مشاہدہ کر رہے ہیں مملکت میں ہر شخص، خواہ وہ مشہور شخصیت ہو یا عام شہری، اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ غلط معلومات کی نشاندہی کرے، حقائق واضح کرے اور لوگوں میں آگاہی پیدا کرے۔‘
یارا النملہ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ ان میں ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی شامل ہے جہاں حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں، سینکڑوں افراد زخمی اور پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
سنیچر کو ایک مہلک حملے میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ ایک اور حملے کے باعث ایئرپورٹ کو بند رکھنا پڑا۔
یارا النملہ نے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا کہ وہ آن لائن گردش کرنے والی معلومات، ویڈیوز اور غیر مصدقہ اکاؤنٹس کی باتوں پر یقین کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے اپنے مداحوں پر زور دیا کہ وہ خبروں اور تازہ صورتحال کے لیے سعودی عرب کے سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’شمال میں رہنے والے لوگ نہیں جانتے کہ جنوب میں کیا ہو رہا ہے اور مشرق میں رہنے والوں کو مغرب کی صورتحال کا علم نہیں ہوتا، سوائے اس کے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے معلومات حاصل کریں۔‘
یارا النملہ نے حملوں میں جان سے جانے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور مملکت کے فوجیوں اور شہریوں پر فخر کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہماری مملکت صرف وہ سرزمین نہیں جہاں ہم رہتے ہیں بلکہ ہماری مملکت ہماری رگوں میں دوڑتی ہے۔‘
آخر میں انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب مضبوطی سے کھڑا ہے، نہ متزلزل اور نہ ٹوٹنے والا۔‘

شیئر: