Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

4روزہ آزمائشی ٹیسٹ2روز میں ختم

پورٹ ایلزبتھ:جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی اجازت سے آزمائشی بنیادوں پر کھیلا جانے والا 4روزہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ صرف2روز میں اختتام کو پہنچ گیا اور زمبابوے کی ٹیم کو ایک اور بڑی شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ جنوبی افریقی بولرز نے کھیل کے دوسرے دن 16وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کو اننگز اور 120رنز سے فتح دلادی۔کیشو مہاراج نے5 وکٹیں لیں جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ان کی واحد اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے ایڈن مارکرام کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اپنی نوعیت کے اس پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کی بیٹنگ بری طرح ناکامی کا شکار رہی۔ جنوی افریقہ کے 309/9رنز پر اننگز ڈیکلیئر کے بعد مہمان ٹیم پہلی اننگز میں صرف68رنز پر آوٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہوئی اور دوسری اننگز میں بھی 121رنز ہی بنا سکی ۔ پہلی اننگز میں مورنی مورکل نے 21جبکہ دوسری اننگز میں کیشو مہاراج نے59رنز دے کر5وکٹیں لیں۔کھیل کے پہلے دن ہی 30رنز پر زمبابوے کے 4کھلاڑی واپس لوٹ چکے تھے جبکہ دوسرے دن بقیہ 6 وکٹیں بھی اسکور میں صرف 38رنز کا اضافے کر سکیں۔ فالو آن کے بعد جب زمبابوے نے دوبارہ بیٹنگ شروع کی تو کم و بیش وہی کہانی دہرائی گئی تاہم اس مرتبہ اسکور میں پہلی اننگز کی نسبت 53رنز زیادہ بنے لیکن بیٹسمین ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور پوری ٹیم121رنز پر پویلین لوٹ گئی اور ایک دن میں زمبابوے کی16وکٹیں گریں۔زمبابوے کی پہلی اننگز میں کائل جاروس جبکہ دوسری اننگز میں کریگ ارون23،23رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے ۔ڈے/ نائٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل اتنی جلدی ختم ہوا کہ اسٹیڈیم کی لائٹس آن کرنے کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن میکرام کو125رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔
 

شیئر: