ایمان ، اتحاد، تنظیم کے زریں اصولوں پر چلنے والا ہی کامیابی سے ہمکنار ہوتا ہے ، پی آئی ایس جے ، ای ایس یوم قائد تقریب سے پرنسپل کا خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی) پاکستان انٹرنیشنل اسکول ،انگلش سیکشن میں بانی پاکستان قائدا عظم محمد علی جناح کا یومِ ولادت نہایت عقیدت و احترام اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر پرنسپل عدنان ناصر نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ قائد کے زریں اصولوں ایمان ، اتحاد اور تنظیم پر چلنے والا یقینا کامیابی سے ہمکنار ہوتا ہے۔ قائد اعظم کی شخصیت ہمارے لئے لائق تقلید ہے۔ ہمیں ان کی زندگی سے رہنمائی حاصل کرنی چا ہیئے اور ان کے نقش قدم پر چل کر وطن عزیز کو عروج کی اس منزل تک لے جانا چاہئے جس کے لئے ہمارے قائد نے بے مثال قربانیاں دیں۔ انھوں نے کہا کہ آپ کا اوّلین فرض حصول تعلیم ہے جو آپ کی ذات ،والدین اور پوری قوم کی جانب سے آپ پر عائد ہوتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ دنیا میں وہ ملک خوش قسمت تصور کیا جاتا ہے جس کی آبادی میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہو۔ وطن عزیز کی 63 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اگر آج ہم قائداعظم کے نظریات اور اصولوں پر عمل پیرا ہوجائیں تو دنیاکی کوئی طاقت ہمیں ترقی اور خوشحالی کے حصول سے نہیں روک سکتی ۔انہوں نے مزید کہا آج ہم اپنے قائد کوبصد عقیدت و احترام سلام پیش کرتے ہیں اور یہ عزم کرتے ہیں کہ انہوںنے جو ذمہ داری ہمیں سونپی ہے، ہم اسے خلوص نیت کے ساتھ پورا کریں گے۔ ہماری انفرادی کاوش ہی خدمت کے اس جذبے کی عکاس ہے جووطن عزیز کو ترقی اور کامیابی کی طرف لے جا سکتا ہے۔ قبل ازیں طلبہ و طالبات نے ایک خاکہ پیش کیاجس میں قائداعظم کی شخصیت،کردار،کار ہائے نمایاں، احکامات و اقدامات اور زندگی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی گئی اور بانی پاکستان کی کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔