Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

500سال پرانا سکہ40ہزار پونڈ میں نیلام

لندن... ایک مقامی نیلام گھر نے اب سے تقریباً500سال پرانا سکہ 40ہزار پونڈ میں نیلام کردیا ہے۔ جسکے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ یہ سکہ  امکانی طور پر شاہ رچرڈ سوم کے ان فوجیوں میں سے کسی نے گرا دیا تھا جو باسورتھ کے میدان جنگ سے فرار ہورہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق یہ سکہ شاہ رچرڈ سوم کے زمانے میں ڈھالا گیا تھا تاہم ڈھالے گئے سکوں کی تعداد بہت ہی کم تھی۔ جب نیلامی شروع ہوئی تو عام خیال تھا کہ اس کی زیادہ سے زیادہ قیمت 10ہزار پونڈ لگ سکتی ہے مگر دیکھتے ہی دیکھتے بولی بڑھنے لگی اور آخری بولی 40ہزار پونڈ پر ختم ہوئی۔ کہا جاتا ہے کہ یہ سکہ گزشتہ سال ستمبر میں فلاحی مقصد کیلئے منعقدہ ایک دوڑ کے دوران بلیک پول سے تعلق رکھنے والی مشل وال کو ملا تھا۔ جس کے بعد سے اسکی حقیقت جاننے کی کوششیں کی جارہی تھیں۔ واضح ہو کہ بوسورتھ کا میدان جنگ اس اعتبار سے بھی مشہور ہے کہ  یہاں جاری جنگ تقریباً30سال رہی تھی اور بعض وجوہ کی بناء پر اسے گلابوں کی جنگ بھی کہا جاتا تھا۔ یہ سکہ سونے کا ہے اور اپنی تاریخی حیثیت کے اعتبار سے بہت اہم ہے۔ ایسے پرانے سکے اس وقت کم ہی نظر آتے ہیں۔خیال ہے کہ جس فوجی نے یہ سکہ گرایا تھا وہ 1485ء میں میدان جنگ سے بھاگتے وقت اس سکے کو گرا بیٹھا تھا۔ واضح ہو کہ  اس جنگ میں رچرڈ سوم ہلاک کردیئے گئے تھے اور اس کے بعد انکے مخالف ہینری ٹیوڈور نے تاج و تخت پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد ٹیوڈور خاندان کا آغاز ہوا۔جسے  یہ سکہ ملا تھا اسے دھاتوں کا پتہ لگانے والے آلے سے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک میدان میں جدوجہد کرنا پڑی تھی۔

شیئر: