Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مستحکم پاکستان اسلامی دنیا کےلئے ا ہم ہے ، ملکی حالات بہتر ہو رہے ہیں ڈاکٹر وسیم اختر

 انتخابات وقت مقررہ پر ہونگے ، سیاست میں کوئی بات آخری نہیں ہو تی ، رکن پنجاب اسمبلی اور رہنما جماعت اسلامی کا سماجی رابطہ کمیٹی کیجانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا ہے کہ دنیا میں پاکستان غیر معمولی طور پر اہمیت کا حامل ہے ۔ مستحکم ومضبوط پاکستان اسلامی دنیا کے لئے انتہائی ضروری ہے ۔ وہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد جدہ میں سماجی رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت ڈاکٹر علیم خان نے کی ۔ ڈاکٹر وسیم نے اردونیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ انتخابات وقت مقررہ پر ہونگے جس کےلئے جماعت اسلامی دیگر دینی جماعتوں کے ساتھ ملکر متحدہ پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے گی ۔ ایم ایم اے کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل مرتب کیاجارہا ہے ۔ متحدہ مجلس عمل کے انتخابی اتحاد کے سوال پر ڈاکٹروسیم کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی بات آخری نہیں ہوتی ۔ وقت پر بہتراقدام کےلئے فیصلہ کیاجاتا ہے ۔ انتخابی حکمت عملی ایم ایم اے کی شوری© مرتب کرے گی ۔ انتخابات میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہوگی ۔قبل ازیں ڈاکٹر وسیم نے تقریب میں حالات حاضرہ کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ بدعنوانی ہے جس کےلئے جماعت کی مرکزی قیادت نے عدالتوں کا رخ کیا اور اب حالات میں قدرے بہتری آرہی ہے ۔ افواج پاکستان ملک و قوم کا سرمایہ اور ملکی سرحدوں کے نگہبان ہیں ۔ ہندوستان کی جانب سے پانی کی بندش کے بارے میں رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق کوئی ملک کسی کا پانی 100 فیصد روک نہیں سکتا جبکہ ہندوستان کی جانب سے اس قانون کی صریح خلاف ورزی جاری ہے جس کےلئے ہم عالمی عدالت میں جائیں گے تاکہ ہندوستان کو اس بات کا پابند بنایا جاسکے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے مقررہ مقدار میں پانی کھولے ۔ ملک میں صوبوں کے قیام کے حوالے سے ڈاکٹر وسیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی انتظامی امور کو بہتر بنانے کےلئے مزید صوبوں کے قیام کی ہمیشہ سے حامی رہی ہے ۔بہاولپور کی تاریخی حیثیت انتہائی اہم ہے جبکہ رقبے کے اعتبار سے بھی بہاولپور کو صوبہ بنانا انتہائی ضروری ہے تاکہ معاملات بہتر طور پر چلیں اور لوگوں کو سہولت ملے اور معاملات بہتر طور پر حل کئے جاسکیں ۔انہو ںنے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ ملک میں سیاسی عمل کو جاری رکھا جائے ۔ عوامی منتخب اسمبلیوں کو مدت پوری کرنے دی جائے تاکہ کسی کو سیاسی شہید بننے کا موقع نہ ملے ۔ انہوں نے مزید کہا بانی پاکستان ہمیشہ سے پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کے خواہاں تھے انہو ںنے متعدد مقامات پر اپنی تقریروںمیں واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ بنائیں گے مگر افسوس کہ آج تک اس پر عمل نہیں کیاگیا۔ انہو ںنے مزید کہا کہ پنجاب کے اسکولوں اور کالجز کے نصاب تعلیم میں قرآن کریم بمعہ ترجمہ لازمی قرار دینے کےلئے پنجاب اسمبلی میں قرار داد پیش کی جسے بھا ری اکثریت سے منظور کر لیا گیا اور اس پر جلد ہی عمل درآمد ہو جائے گا ۔ اسی طرح قادیانیوں کے بارے میں عمل ہوا تھا کہ انہیں تعلیمی اداروں میں اسلامیات اور عربی پڑھانے کے لئے مقرر کیا گیا ہے اس پر میں نے بھر پور انداز میں احتجاجی قرار داد جمع کروائی اور ایوان کو قائل کیا کہ تعلیمی اداروں میں قادیانیوں کو مذکورہ مضامین کی تعلیم دینے پر پابندی عائد کی جائے جسے ایوان کی بھرپور حمایت سے منظور کیا گیا ۔سماجی رابطہ کمیٹی کی تقریب کا آغاز ملک محمد اقبال کی تلاوت کلام پاک اور ترجمہ سے ہوا نعت شریف کی سعادت احمد زبیر نے حاصل کی ۔رابطہ کمیٹی کے صدر انجینیئر الطاف اعوان نے مہمان خصوصی اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب میں تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

شیئر: