العلا میں فلم سازی کا نیا اقدام، سعودی تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کا عزم
اس پروگرام میں تربیتی کورسز اور ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
’فیلا الحِجر‘ نے فلم العلا کے ساتھ مل کر فلم سازی کا ایک خصوصی پروگرام شروع کیا ہے جس میں سنیما میں استعمال ہونے والی مہارتوں کی تعمیر اور تخلیقی ٹیلنٹ کو تعاون فراہم کیا جائے گا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ انشیٹیو ’فیلا الحِجر‘ کے اس عہد کا عکاس ہے جس کے تحت ثقافتی اور سنیمائی سرگرمیوں کو تقویت دی جانی ہے اور ساتھ ساتھ ایک ایسے ماحول کو پروان چڑھانا ہے جو کونٹینٹ کریئیٹرز اور فلم کے شائقین میں تحریک کا باعث بن سکے۔
اس پروگرام میں تربیتی کورسز اور ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں فلم پروڈکشن کے تمام مراحل پر گفتگو کی جائے گی۔ سکرپٹ کی تحریر سے لے کر فلم کی ہدایت کاری، تدوین یا ایڈٹنگ اور پوسٹ پروڈکشن یا فلم مکمل ہونے کے بعد کے تمام امور شامل ہیں۔
ان کوششوں کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کو مدد فراہم کرنا اور مملکت میں فلم کے شعبے میں کی جانے والی کوششوں کی نمو کو فروغ دینا ہے۔
’فیلا الحِجر‘ بچوں کے لیے بھی تعلیمی اور انٹرایکٹیو پروگرام تیار کرتا ہے تاکہ ان میں موجود ٹیلنٹ کو ابھارا جا سکے اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھایا جائے۔

اس پروگرام میں ورکشاپس میں سائنسی تصورات کو آسان بنا کر جدید فنکارانہ طریقِ عمل کے ساتھ مربوط کر دیا جائے گا جس سے سیکھنے کا ایسا ماحول جنم لے گا جو دریافت اور جدت کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
’فیلا الحِجر‘ نے گورنریٹ میں طالب علموں کو بہت بڑی تعداد میں اپنی طرف متوجہ کیا ہے کیونکہ ان کا طریقہ، نظری کے بجائے عملی اور اپروچ انٹرایکٹیو ہے جس سے بچوں میں سوچ و فکر اور تخلیق کی صلاحیتوں کو جِلا ملتی ہے۔

یہ انیشیٹیوز فرانس اور سعودی عرب کے اداروں کے درمیان باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں جن میں ثقافتی تنوع اور بین الاقوامی شراکت شامل ہے۔ ساتھ ساتھ یہ ادارے نوجوان نسل کے لیے تعلیمی کونٹینٹ کی کوالٹی کو بہتر بنائیں گے۔
’فیلا الحِجر‘ پہلی مشترکہ سعودی اور فرانسیسی فاؤنڈیشن ہے جو العلا میں واقع ہے۔ اسے کا آغاز اسی سال اکتوبر کے مہینے میں کیا گیا تھا۔

یہ فاؤنڈیشن ایسے تعلیمی پلیٹ فارمز کو استعمال کر کے جو سعودی بچوں اور نوجوانوں کی مہارتوں کی تعمیر کرتے ہیں، علاقے کے ثقافتی منظرے نامے کو بہتر بنانے میں تعاون فراہم کرتی ہے اور بین الاقوامی ثقافتی سٹیج پر العلا کی موجودگی کو تقویت دیتی ہے۔
