Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منو بھائی پاکستان کا اثاثہ تھے، انکی تخلیقات نے انہیں زندہ جاوید بنادیا

سعودی عرب اور کینیڈا میں مقیم پاکبانوں کا عظیم شاعر و ادیب کو خراج عقیدت
ریاض (ذکاءاللہ محسن)ریاض میں مقیم پاکبانوں نے معروف کالم نگار ، ڈرامہ نویس، شاعر اور صحافی منو بھائی کے انتقال پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا۔ نوجوان شاعر وقار نسیم وامق نے کہا کہ منو بھائی ادب کے میدان میں نہ صرف یہ کہ درخشاں ستارے کی مانند تھے بلکہ تناور درخت کا درجہ رکھتے تھے۔ پاکستان ایک مخلص شخص سے محروم ہوگیا۔ انجینیئر راشد محمود بٹ نے کہا کہ منو بھائی پاکستان کا اثاثہ تھے۔ انہوں نے معاشرے کی برائیوں اور محرومیوں کو مختلف شکلوں میں اجاگر کیا۔ شیخ سعید احمد کا کہناتھا کہ انکی علمی خدمات سے زندگی بھر استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ عدنان اقبال نے کہا کہ انکی موت قومی نقصان ہے۔ تصدق گیلانی نے کہا کہ انکا نام ہمیشہ زندہ رہیگا۔ حلقہ فکر و فن کے نائب صدر محمد صابر اور ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز نے مشترکہ تعزیتی پیغام میں کہاکہ منو بھائی کے تاریخی شاہکار سونا چاندی اور دشت پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کا لازوال اثاثہ ہیں۔ کینیڈا سے حلقہ فکر وفن کی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حنا امبرین طارق نے کہا کہ منو بھائی نہ صرف عظیم شاعروادیب تھے بلکہ ہمدرد انسان بھی تھے۔خاص طور پر تھلیسیمیا کے شکار بچوں کیلئے انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شیئر: