Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کی ترقی، حسن علی بدستورنمبر ون

دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے اختتام پر آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف کلین سویپ کی وجہ سے ایک درجہ ترقی کرکے چوتھے نمبر پر آ گئی جبکہ پاکستانی ٹیم سیریز میں 0-5سے شکست کے باوجود چھٹے نمبر پر موجود ہے ۔ سیریز میں پانچوں میچ ہارنے کے سبب پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پوائنٹس کا فرق کم ہو کر صرف 3 پوائنٹس رہ گیا ہے اور سہ ملکی سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش پاکستان کو ساتویں نمبر پر دھکیل سکتا ہے۔بیٹسمینوں کی رینکنگ میں بابر اعظم چوتھے اور بولرز میں حسن علی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔جنوبی افریقہ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ایک، ایک درجہ ترقی پا کر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر آ گئیں۔جنوبی افریقی ٹیم 120 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور ہند اس سے ایک پوائنٹس کمی کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔انگلش ٹیم کینگروز کے خلاف مسلسل 2فتوحات کے بعد ایک درجہ ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئی۔عالمی چیمپیئن آسٹریلین ٹیم لگاتار دوسری شکست کے بعد2درجے تنزلی کے ساتھ تیسرے سے پانچویں نمبر پر چلی گئی۔رینکنگ میں بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں، زمبابوے دسویں، افغانستان 11ویں اور آئرلینڈ 12ویں نمبر پر موجود ہے ۔بیٹنگ میں ہند کے ویرات کوہلی پہلے اور جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئر ز دوسرے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تیسرے نمبر پر ہیں۔بولرز میں جنوبی افریقہ کے عمران طاہر اور ہند کے جسپریٹ بمرا با لترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن کے حامل ہیں۔
 
 

شیئر: