سعودی عرب کی نائیجر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت
بیان میں ہر قسم کے تشدد کو مسترد کرنے کے موقف کا اعادہ کیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے جمہوریہ نائیجر کے دارالحکومت نیامی کے قریب انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں سعودی عرب نے ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کو مسترد کرنے کے ٹھوس موقف کا اعادہ کیا۔
بیان میں متاثرہ خاندانوں، نائیجر کی حکومت و عوام سے تعزیت، دلی ہمدری اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
یاد رہے کہ نائیجر کے درالحکومت کے قریب انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
حملے میں ایئرپورٹ کی عمارت اور کچھ طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔ بعدازاں سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا۔
