Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مالیگاؤں دھماکہ کیس: مقدمہ روکنے کیلئے کرنل پروہت کی درخواست پر نوٹس جاری

    نئی دہلی- - - - -   سپریم کورٹ نے پیر کو  ریاست مہاراشٹر مالیگاؤں میں ہوئے  2008ء کے دھماکوں کے ملزم کرنل  شری کانت پروہت  کی پٹیشن پر  مہاراشٹر حکومت اور نیشنل  انویسٹی گیشن ایجنسی  کو  نوٹس جاری کردیئے ہیں  اور  جواب داخل کرنے کیلئے  4 ہفتے کا وقت دیاگیا ہے۔  ملزم پروہت نے  عدالت عظمیٰ سے استدعا کی ہے کہ  دھماکوں سے متعلق اس پرجو مقدمہ  چل رہا ہے  اسے روک دیا جائے اور ساتھ ہی  مکوکا  کے تحت  جو مقدمہ چلانے کی  اجازت دی گئی ہے  اس کیخلاف بھی حکم  امتناع جاری کیاجائے۔   2008ء کے مالیگاؤں  دھماکوں کے معاملے میں  ملزم لیفٹیننٹ کرنل  پروہت نے  اپنے  اوپر لگائے  گئے  مکوکا  کو چیلنج کیا ہے۔  اس سے پہلے ممبئی ہائی کورٹ نے  اس معاملے میں کرنل پروہت اور سمیر کولکرنی  کی پٹیشن کو خارج کردیا تھا۔ تفتیشی ایجنسی نے  کرنل پروہت پر  ہندو دہشتگردی  پھیلانے کے الزامات لگائے تھے۔ ساتھ ہی کرنل کی ضمانت کی بھی مخالفت کی تھی۔ سپریم کورٹ کی طرف سے کرنل پروہت کو  سب سے بڑی راحت یہ ملی ہے کہ  اس نے کرنل پر  دہشتگردی  کے الزامات کے تحت مقدمہ  چلایا جائے یا نہیں اس کی تحقیقات  سے اتفاق کرلیا ہے۔  واضح رہے کہ مہاراشٹر  کے ضلع ناسک میں  مذہبی طور سے انتہائی  حساس شہر مالیگاؤں میں 29 ستمبر 2008ء کو ہوئے بم دھماکوں میں7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔  قبل ازیں گزشتہ سال دسمبر میں  عدالت عظمیٰ نے کرنل اور اسکی ساتھی ملزمہ  سادھوی پرگیہ پر  مکوکا قانون کے تحت  لگائے گئے الزامات کو  ختم کردیا تھا۔  حالیہ نوٹس میں  مہاراشٹر حکومت اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی  سے کہا گیا ہے کہ  مقدمہ ختم کرنے کے سلسلے میں  وہ اپنا کیا موقف رکھتے ہیں  حلف نامہ کے ساتھ  داخل کیا جائے تاکہ  اس مسئلے پر آگے کی کارروائی جاری  رکھی جاسکے۔
 

شیئر: