Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بے ہوش ہتھنی کا بچہ ماں کو اٹھانے کیلئے پریشان

ساؤتھ لوانگا، زمبیا ....  ماں بیٹے کا تعلق کوئی نئی بات نہیں مگر اسکے  نئے نئے رخ آئے دن ہمارے سامنے آتے رہتے ہیں۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ رشتہ کتنا عظیم اور کتنی محبت والا ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں نیشنل پارک کے قریب اس وقت دیکھنے میں آیا  جب  ایک ہاتھی کا بچہ گڑھے میں جاگرا۔ بیٹے کی یاد میں  بدنصیب ماں رات بھر چیخ و پکار کرتی رہی اور جب گائوں والوں نے اس کی آواز سنی تو  صبح سویرے ہی امدادی ٹیم کو طلب کرلیا۔ رات بھر روتے روتے ماں کی حالت اتنی غیر ہوچکی تھی کہ اس پر قابو پانا ناممکن نظر آرہا تھا۔ دلدوز آوازیں اسکے منہ سے مسلسل نکل  رہی تھیں اور جو بھی ان آوازوں کو سن رہا تھا اسے ماں بیٹے دونوں پر بے ساختہ رحم آرہا تھا۔امدادی ٹیم کو صورتحال  پر قابو پانے کیلئے اس کے سوا کوئی چارہ نظر نہیں آیا کہ ماں کو خاموش کرائے اس لئے اسے بے ہوشی کی  دوا والا انجکشن دیدیا جس سے  ماں رفتہ رفتہ بے ہوش ہوگئی ۔ بعد میں امدادی ٹیم کے ارکان نے بچے کو گڑھے سے نکالا ۔ ماں اب تک بے ہوش لیٹی ہوئی تھی۔ بچے کو باہر نکالنے کے بعد ہتھنی کو نیند سے بیدار ہونے کی دوا بھی دی جاچکی تھی لیکن بچہ اپنی ماں کی محبت میں اس قدر ڈوبا ہوا تھا کہ وہ ادھر ادھر جانے کے بجائے ماں کے سرہانے گیا اور بار بار اپنی سونڈ ماں کے کان کی جانب لیجاکر اسطرح آوازیں نکال رہا تھا جیسے عام بچے اپنی سوئی ماں کو بیدار کرنے کے لئے  اس کے سرہانے جاکر کان میں یہی کہتے ہیں کہ ’’امی اٹھ جائو، امی اٹھ  جائو‘‘ جس نے بھی یہ منظر دیکھا دل تھام کر رہ گیا۔ پارک کے چیف ایگزیکٹیو افسر راکیل میکروب کا کہناہے کہ زمبیا کا یہ پارک بہت بڑا ہے اور دوسرے جانوروں کی بڑی تعداد کے  ساتھ ہاتھیوں کی بھی اچھی خاصی تعداد یہاں رہتی ہے مگر یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے ماں کیلئے بچے کی ایسی پریشانی دیکھی۔ کچھ دیر بعد ماں بیدار ہوگئی تو سب نے اطمینان کا سانس لیا۔

شیئر: