کرپٹو ایکسچینچ کی بڑی غلطی، صارفین کو 40 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے بٹ کوائنز منتقل
ہفتہ 7 فروری 2026 16:57
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کمپنی کے مطابق ’صورتحال کو پانچ منٹ کے اندر قابو میں کر لیا گیا۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
جنوبی کوریا کی معروف کرپٹو کرنسی ایکسچینج ’بتھمب‘ نے ایک سنگین تکنیکی غلطی پر صارفین سے معذرت کر لی ہے، جس کے نتیجے میں کمپنی نے غلطی سے صارفین کو 40 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے بٹ کوائن منتقل کر دیے تھے۔
اس واقعے کے بعد پلیٹ فارم پر عارضی طور پر شدید اتار چڑھاؤ مشاہدے میں آیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ ’جمعے کو ایک پروموشنل مہم کے دوران 695 صارفین کو معمولی رقم بھیجنا تھی۔‘
’تاہم غلطی سے ہر صارف کو قریباً دو ہزار بٹ کوائن منتقل ہو گئے جس کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 20 ہزار بٹ کوائنز بنتی ہے۔‘ واقعے کے بعد کمپنی نے 35 منٹ کے اندر متاثرہ اکاؤنٹس پر ٹریڈنگ اور رقم نکلوانے کا عمل معطل کر دیا تھا۔
’بتھمب‘ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’صارفین کو درپیش پریشانی پر کمپنی معذرت خواہ ہے اور وضاحت کی ہے کہ یہ واقعہ کسی ہیکنگ یا سیکیورٹی بریچ کا نتیجہ نہیں تھا۔‘
کمپنی کے مطابق ’غلطی سے منتقل کیے گئے بٹ کوائنز میں سے 99.7 فیصد رقم واپس حاصل کر لی گئی ہے جبکہ باقی نقصان کمپنی اپنے وسائل سے پورا کرے گی۔‘
واقعے کے باعث کچھ صارفین کی جانب سے بٹ کوائن فروخت کیے جانے پر پلیٹ فارم پر قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ آیا اور بٹ کوائن کی قیمت مختصر وقت کے لیے 17 فیصد کمی کے بعد 81.1 ملین وون تک آگئی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ’صورت حال کو پانچ منٹ کے اندر قابو میں کر لیا گیا۔‘
بعد ازاں جاری کیے گئے ایک اور بیان میں ’بتھمب‘ نے کہا کہ ’قیمتوں میں اچانک کمی کے باعث بعض صارفین کو نقصان اٹھانا پڑا، جس میں گھبراہٹ میں فروخت (پینک سیلنگ) بھی شامل تھی۔‘ کمپنی نے متاثرہ صارفین کو مکمل نقصان کے ازالے کے ساتھ 10 فیصد اضافی بونس دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
’بتھمب‘ کے مطابق اس واقعے سے ہونے والے مجموعی نقصانات کا تخمینہ قریباً ایک ارب وون لگایا گیا ہے۔ دوسری جانب عالمی سطح پر بٹ کوائن کی قیمتوں میں بھی اس ہفتے کمی دیکھی گئی ہے، جس سے نومبر 2024 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب کے بعد حاصل ہونے والا فائدہ بڑی حد تک ختم ہو گیا۔
