Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باکسنگ ہال کو عامر خان سے منسوب کرنا پاکستانی باکسرز کی حق تلفی ہے

ٹوکیو:پاکستان کو پہلی مرتبہ باکسنگ میں عالمی شہرت دلانے اور اولمپکس میڈل جیتنے والے سابق باکسر حسین شاہ محمد اسلام آباد کے باکسنگ ہال کو برطانوی باکسر عامر خان سے منسوب کرنے پر ناراضی کااظہار کیا ہے۔ جاپان میں مقیم پاکستانی باکسر حسین شاہ نے سوال کیا ہے کہ آخر عامر خان نے پاکستان کےلئے کونسا کارنامہ انجام دیا ہے کہ حکومت نے اسے اعزاز سے نوازا ۔حسین شاہ نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے اسلام آباد باکسنگ ہال کو مجھ سے موسوم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن جب وقت آیا تو برطانوی باکسر کو بلا جواز طور پر آگے لے آئے۔ حسین شاہ کے اس اعتراض سے پہلے پاکستان کے پہلے پروفیشنل باکسر محمد وسیم بھی حکومت کے اس اقدام پر ناراض ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ حکومت اس باکسنگ ہال کو ان سے موسوم کرے۔حسین شاہ نے کہا کہ میں نے ساوتھ ایشین گیمز میں پاکستان کےلئے5گولڈ میڈلز جیتے۔اسی طرح ایشین گیمز اور ایشین چیمپیئن شپ میں بھی پاکستان کیلئے گولڈ میڈل سمیت مختلف میڈلز حاصل کئے لیکن حکومت نے یہ اقدام کرکے میرے تمام کارناموں کی نفی کردی جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عامرخان اگر پاکستان نژاد ہیں تو میں تو پاکستانی شہری تھا جبکہ عامر خان نے سوائے دورے کرنے کے پاکستان کےلئے باکسنگ کے میدان میں کیا خدمات انجام دی ہیں؟وفاقی دارالحکومت کے اس ہال کو عامر خان سے منسوب کردینا پاکستانی باکسرز کی کی حق تلفی ہے۔حسین شاہ محمد نے پروفیشنل باکسر محمد وسیم کے ساتھ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور حکومتی رویے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا یہ صورتحال نوجوان باکسر کو شہریت تبدیل کرنے پر مجبور کر سکتی ہے۔

شیئر: