Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادی ڈیانا کے زیر استعمال سائیکل برائے فروخت

لندن .... یہاں عنقریب ایک تاریخی اور یادگار سائیکل فروخت ہونے والی ہے یہ فروخت بذریعہ نیلامی ہوگی۔ سائیکل کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ برطانوی شہزادی آنجہانی ڈیانا کی تھی جو انہوں نے شہزادہ چارلس سے شادی سے قبل خریدی تھی تاہم کہاں شہزادی کا مرتبہ اور کہاں یہ سائیکل ۔ بات کسی کو پسند نہیں آئی او رشاہی محل کے مشیروں او رمحافظوں سب نے اسے’’ شرمناک سائیکل‘‘ قرار دیکر شاہی اسٹور میں رکھنے کا مشورہ دیامگر پھر وہاں سے شہزادی ڈیانا نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ 1981ء کے بعد شہزادی کو اس سائیکل کو اپنے پاس رکھنا ممکن نہ ہوا تو اپنی ایک سہیلی کے والد گیرالڈ اسٹون ہل کو فروخت کردی جو 27برس تک اسے اپنے پاس رکھے رہے اور پھر اس کے موجودہ مالک نے ان سے یہ سائیکل 211پونڈ میں خرید لی۔ نیلام گھر کی ا نتظامیہ کا کہناہے کہ نیلامی جلد ہوگی اور کم سے کم 9ہزار پونڈ میں اسکی فروخت یقینی ہے۔  یہ سائیکل 1970ء کی بنی ہوئی ریلے ٹریولر کے نا م سے جانی جاتی ہے۔ اس کا موجودہ مالک جس نے اپنا نام ظاہر کرنا پسند نہیں کیا، اسے 2008ء سے اپنے پاس رکھے ہوئے ہے۔ واضح ہو کہ شہزادہ چارلس کی بیوی بننے کے بعد ڈیانا کو تمام شاہی عیش و عشرت کے باوجود آسودگی اور خوشی نہیں مل سکی اور اسی لئے انکے لئے یہ بھی ممکن نہیں رہا کہ وہ شوقیہ سائیکل سواری کریں۔ واضح ہو کہ انکی موت کے بعد رفتہ رفتہ بہت ساری چیزیں فروخت یا نیلام کی جاچکی ہیں تاہم اب انکے دونوں بیٹے اپنی ماں کی بچی کھچی چیزوں کی دیکھ بھال پر توجہ دے رہے ہیں مگر اندازہ نہیں ہوتا کہ وہ ان چیزوں کو طویل عرصے تک اپنے پاس رکھ سکیں گے ۔
مزید پڑھیں:- - - - کٹل فش اپنی حفاظت کیلئے جلد میں چھپے کانٹے استعمال کرتی ہے

شیئر: