Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی کرکٹر محمد شامی 3کروڑ کے سینٹرل کنٹریکٹ سے آوٹ

 
ممبئی:ہندوستانی فاسٹ بولر محمد شامی کے خلاف ان کی اہلیہ کا الزام ان کےلئے بہت خطرناک ثابت ہوا اور شامی کو انڈین کرکٹ بورڈ کے 3کروڑ سالانہ کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہو گئے ۔ بی سی سی آئی نے نئے سالانہ کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے جس میں 26کھلاڑی شامل ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کے مستقل رکن محمد شامی کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری میں شامل تھے لیکن جب ان پر گھریلو تشدد کا الزام سامنے آیا تو بورڈ نے کسی ممکنہ ردعمل سے بچنے کیلئے فاسٹ بولر کا نام فہرست سے نکال دیا۔ نئے کنٹریکٹ کے مطابق بی کیٹیگری کے کرکٹرز کو سالانہ3کروڑ روپے ملیں گے۔ اب اس تنازع سے چھٹکارا پا نے کے بعد ہی شامی کو نیا سینٹرل کنٹریکٹ مل سکے گا۔ہندوستانی بورڈ نے پہلی مرتبہ کنٹریکٹ میں اے پلس کیٹیگری متعارف کرائی ہے جس میں شامل کھلاڑیوں کو سالانہ 7کروڑ روپے معاوضہ ملے گا لیکن سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اس میں شامل نہیں اور کپتان ویرات کوہلی کے علاوہ روہت شرما، شیکھر دھون، بھونیشور کمار اور جسپریت بمرا کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔ اے کیٹیگری والے کھلاڑیوں کو 5کروڑ، بی کیٹیگری کو 3 کروڑ جبکہ سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے سالانہ معاوضہ ملے گا۔ بورڈ نے ویمن کرکٹرز کیلئے بھی کنٹریکٹس کا اعلان کیا ہے اور اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو سالانہ 50 لاکھ روپے معاوضہ ملے گا۔، بی کیٹیگری کو 30 لاکھ جبکہ سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو 10 لاکھ روپے سالانہ معاوضہ ملے گا۔

شیئر: