Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی قیادت کرنا میرا خواب تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ سرفراز احمد نے پاکستان کو سنہ 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں تاریخی فتح دلائی تھی جبکہ انہوں نے سنہ 2006 میں پاکستان کی انڈر19 ٹیم کو آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ بھی جتوایا تھا۔
سرفراز احمد کا بین الاقوامی کیریئر سنہ 2007 سے 2023 تک جاری رہا۔ اس دوران انہوں نے 54 ٹیسٹ، 117 ایک روزہ بین الاقوامی اور 61 ٹی20 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
اپنے بیان میں سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔
ان کے مطابق سنہ 2006 میں انڈر 19 ٹیم کو عالمی ٹائٹل جتوانے سے لے کر 2017 میں چیمپئنز ٹرافی اٹھانے تک ہر لمحہ ان کے لیے خاص رہا۔ انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، خاندان اور مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی قیادت کرنا میرا خواب تھا۔ میں نے ہمیشہ بے خوف کرکٹ کھیلنے اور ایک متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی۔‘
ان کے مطابق ان کی قیادت میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی جیسے کھلاڑیوں کا میچ ونر بننا ان کے لیے فخر کی بات ہے۔
بطور کپتان سرفراز احمد نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 100 میچوں میں پاکستان کی قیادت کی، جن میں 13 ٹیسٹ، 50 ایک روزہ بین الاقوامی اور 37 ٹی20 بین الاقوامی میچ شامل ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان ٹی20 کرکٹ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم بھی بنا۔
انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے سرفراز احمد نے ٹیسٹ کرکٹ میں تین ہزار 31 رنز بنائے جن میں چار سنچریاں شامل ہیں۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں انہوں نے دو ہزار 315 رنز سکور کیے جبکہ ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے 818 رنز ہیں۔ بطور وکٹ کیپر انہوں نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 315 کیچز اور 56 سٹمپنگز کیں۔
ان کے کیریئر کا ایک بڑا لمحہ سنہ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی تھی جب پاکستان کم درجہ بندی کے باوجود ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوا اور فائنل میں انڈیا کو شکست دی۔
بعد ازاں سنہ 2019 میں فارم میں کمی کے باعث انہیں کپتانی سے ہٹا دیا گیا اور وہ کچھ عرصہ ٹیم سے باہر بھی رہے۔ تاہم انہوں نے 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ سیریز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 86، 53، 78 اور 118 رنز کی اننگز کھیلیں۔
سرفراز احمد نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ دسمبر 2023 میں پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں کھیلا تھا۔ بعد ازاں انہیں پاکستان مردوں کی ٹیم کے سلیکشن پینل میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

شیئر: