Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز 1-1سے برابر کردی

پورٹ الزبتھ: فاسٹ بولر کاگیسو ربادا کی تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں جنوبی افریقہ دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 6وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہو گئی ۔ دوسری اننگز میں 239رنز پر آوٹ ہو جانے والی مہمان ٹیم نے فتح کے لئے صرف101رنز کا ہدف دیا تھا جسے جنوبی افریقہ نے4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ میچ کا فیصلہ کھیل کے چوتھے دن ہی ہو گیا۔ میچ میں 11وکٹیں لینے والے کاگیسو ربادا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فاسٹ بولر نے پہلی اننگز میں5اور دوسری اننگز میں6آسٹریلوی بیٹسمینوں کو پویلین واپس بھیجا۔ سیریز کا پہلا میچ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 243رنز اسکور کئے تھے ۔ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں سابق کپتان ا ے بی ڈی ویلیئرز کی شاندار سنچری کی بدولت382رنز بناتے ہوئے 139رنز کی برتری حاصل کرلی تھی ۔دوسری اننگز میں ایک مرتبہ پھر کاگیسو ربادا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور عثمان خواجہ کی سخت مزاحمت کے باوجودمہمان ٹیم کو پہلی اننگز سے بھی کم اسکور پر آوٹ کردیا ۔ عثمان خواجہ75رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔جنوبی افریقہ کو میچ میں فتح کیلئے 101رنز کا نسبتاً کم اور آسان ہدف ملا لیکن اس کے حصول کے لئے اسے اپنی4وکٹوں سے محروم ہونا پڑا۔ڈی ویلیئرز 28رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ جنوبی افریقہ نے 23اوور میں فتح سمیٹتے ہوئے سیریز بھی برابر کردی۔ ناتھن لیون نے2وکٹیں حاصل کیں۔ کاگیسو ربادا کو11وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

شیئر: