Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 27ویں شب کے روح پرور مناظر

حرمین شریفین میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کی 27ویں شب لاکھوں فرزندان اسلام  نے تراویح، نماز تہجد اور دعا میں شرکت کی۔ اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔
 ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بڑی تعداد میں زائرین، سعودی شہری اور مقیم غیرملکی پہلے ہی پہنچ چکے تھے۔
دونوں مساجد کی تمام منزلیں، دالان، تہہ خانے، چھتیں، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں نمازیوں سے بھری ہوئی تھیں۔
اداراہ امور حرمین کی جانب سے اس موقع پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین کی سہولت کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے۔
انتظامیہ نے 27 ویں شب کے عظیم الشان اجتماع کے لیے نمازیوں اور زائرین کی آمد و رفت کو منظم بنانے کے لیے اضافی عملے کو متعین کیا جبکہ سکاؤٹس اور رضاکار بھی موجود تھے۔ 

ادارہ امور حرمین کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 27ویں شب کے عظیم اجتماع کے لیے پہلے سے تیاریاں مکمل تھیں۔ 
قالینوں کی صفائی اور انہیں معطر کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی مصلوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے بیرونی صحنوں اور چھتوں پر بھی نمازیوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

حرمین میں صفائی کے امور اور آب زم زم کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔
ادارہ امور حرمین کی جانب سے بجلی کی مستقل فراہمی کے لیے بیک اپ سسٹم تیار تھا جبکہ ایئرکنڈیشنگ، لائٹنگ اور ساؤنڈ سسٹم کی کارکردگی کو بھی بڑھایا گیا۔
حرمین میں انتظامیہ کی جانب سے اس سال خصوصی گراؤنڈ یونٹ متعارف کرایا گیا جس کے انتظامات زائرین خدمت سینٹر کی جانب سے کیے گئے۔
​گراؤنڈ یونٹ میں شامل ٹیموں کو فوری ترجمہ کے لیے ڈیجیٹل ڈیوائسز دی گئی ہیں تاکہ وہ مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کو درپیش مشکلات کے بارے میں جان سکیں اور انہیں فوری حل کریں۔

انتظامیہ نے گراؤنڈ یونٹس کو مسجد الحرام کے اندر، بیرونی صحنوں اور چھتوں پر بھی تعینات کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین کی بروقت خدمت کو یقینی بنایا جائے۔
علاوہ ازیں مختلف مقامات پر ازدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈیجیٹل سکرینز نصب کی گئیں جن کے ذریعے صحن مطاف اور مسجد الحرام کی اندرونی صورتحال کے بارے میں فوری طور پر معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

 

شیئر: