لندن ....برطانوی شہر ویرال میں ایک فوٹو گرافر نے ایک پارک میں زمین سے صرف چند انچ اوپر اڑتے ہوئے میگاپائی پرندے کی خوبصورت تصاویر اتاری ہیں۔ اس کے شاندار رنگ دیکھ کر انسان حیرت زدہ ہوجاتا ہے۔ یہ پرندہ کوے کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے او راسکا شمار دنیا میں ذہین ترین پرندوں میں ہوتا ہے۔ یہ ایسا غیر ممالیہ پرندہ ہے جو شیشے کے سامنے خود کو شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس پرندے کا رنگ ہرا ، نیلا ، کالا اور سفید ہے اور سورج کی روشنی میں دلفریب منظر نظر آتا ہے۔ جب اسکی تصویر اتاری گئیں اس وقت وہ قریبی کھیت سے مونگ پھلی توڑ کر لایا تھا اور اس کا دانہ منہ میں تھا۔اگرچہ یہ پرندے روزانہ ہی نظر آتے ہیں لیکن بہت سے لوگوں کو یقین تھا کہ اس کے پر سفید اور سیاہ ہوتے ہیں لیکن ان تصاویر میں میگا پائی کے دیگر رنگ بھی نظر آرہے ہیں۔48سالہ فوٹو گرافر نے جس کا تعلق برائٹن سے ہے کہا کہ اس سے قبل میں نے لوگوں سے پرندے کے بارے میں بات کی تھی اس وقت انکا کہناتھا کہ ہمیں احساس نہیں تھا کہ یہ کتنا رنگ برنگا پرندہ ہے۔ ہم تو اسے سفید اور کالے رنگ کا ہی سمجھا کرتے تھے۔ پرواز کے دوران پرندوں کی تصاویر اتارنا آسان نہیں لیکن جب یہ پرندہ روزانہ ہی نظر آئے تو پھر فوٹو گرافر کسی نہ کسی طرح اس مشکل پر قابو بھی پالیتے ہیں۔