Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے ریلوے سٹیشن پر سموسے کھانے والے کو ڈیجیٹل ادائیگی میں ناکامی پر سمارٹ واچ دینا پڑی

سوشل میڈیا صارفین نے ریلوے سٹیشن پر مسافروں کے تحفظ کی طرف بھی توجہ دلائی ہے۔ فائل فوٹو: انڈین میڈیا
انڈیا کی ریاست جبل پور کے ریلوے سٹیشن پر پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعے کی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے ردعمل کو جنم دیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق جمعے کی شام ساڑھے پانچ بجے جبل پور کے ریلوے سٹیشن پر ایک مسافر اور سموسے بیچنے والے شخص کے درمیان اُس وقت جھگڑا ہوا جب ڈیجیٹل ادائیگی درست طور پر نہ ہو سکی۔
ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر5 پر سموسے بیچنے والے شخص نے ٹرین پر سفر کرنے والے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک مسافر ٹرین سے اُتر کر سموسے خریدتا ہے اور پھر ڈیجیٹل ادائیگی کی کوشش کرتا ہے جو ناکام ہو جاتی ہے۔
رقم کی ٹرانزیکشن کی ناکام کوشش کے دوران ٹرین روانہ ہوتی ہے تو وہ مسافر سوار ہونے کے لیے آگے بڑھتا ہے جس پر سموسے فروش اُس کو گریبان سے پکڑ لیتا ہے۔ وہ مذکورہ مسافر سے رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کرتا ہے۔
مسافر سموسے بیچنے والے کو بتانے کی کوشش کر رہا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کی کوشش ناکام ہوئی اس لیے رقم ٹرانسفر نہیں ہوئی۔
ٹرین چھوٹنے کے ڈر سے مسافر اپنی کلائی سے سمارٹ واچ اُتار کر سموسے بیچنے والے شخص کے حوالے کر دیتا ہے۔ مذکورہ مسافر کو مزید دو پلیٹ سموسے دے کر ٹرین میں سوار ہونے کے لیے چھوڑ دیتا ہے۔
جیسے ہی سوشل میڈیا پر جھگڑے کی یہ ویڈیو وائرل ہوئی انڈٰین محکمہ ریلوے کے حکام نے واقعے کا نوٹس لیا۔
جبل پور کے ڈویژنل ریلوے مینیجر نے بتایا کہ سموسے بیچنے والے شخص کی شناخت کر لی گئی ہے اور ریلوے پروٹیکشن فورس نے اُس کو حراست میں لے لیا ہے۔
ڈویژنل ریلوے مینجر کے مطابق مذکورہ شخص کا ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر اشیا فروخت کرنے کا لائسنس منسوخ کرنے کی کارروائی بھی کی گئی ہے۔

صارفین نے تبصرے کیے کہ نقد رقم رکھنا بہت ضروری ہے۔ فائل فوٹو

سوشل میڈیا پر ردعمل

وائرل ویڈیو میں دیکھنے جانے والے اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سموسے فروش کے رویے پر تنقید کی ہے اور زیادہ تر افراد کا کہنا ہے کہ اُس کا رویہ ضرورت سے زیادہ جارحانہ تھا۔
بہت سے لوگوں نے ریلوے سٹیشن پر مسافروں کے تحفظ کی طرف بھی توجہ دلائی ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’ویڈیو میں واضح ہے کہ مسافر نے سموسہ خریدا نہیں تھا بلکہ فروخت کرنے والا اُس کو خریدنے پر مجبو کر رہا تھا اور اُس کو ضرب لگائی۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ اس واقعے سے سبق سیکھا کہ ’معذرت، مگر نقد رقم رکھنا کتنا ضروری ہے۔ سبق سیکھا ہے کہ صرف ڈیجیٹل رقم پر انحصار نہیں کیا جا سکتا۔‘

 

شیئر: