Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان

کراچی:پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان3میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔آصف علی کے علاوہ حسین طلعت بھی حتمی الیون میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ٹیم سلیکشن کمیٹی کے مطابق کپتان سرفراز احمد، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، ، حسین طلعت ، فہیم اشرف ، محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر اور حسن علی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کی وجہ سے آصف علی اور حسین طلعت کیریئر کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلیں گے تاہم نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے علاوہ عثمان شنواری کو ابھی انتظار کرنا ہوگا۔عالمی رینکنگ میں نمبر ون پاکستانی ٹیم کو عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے نسبتاًناتجربہ کار ٹیم کے خلاف فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے ۔ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نسبتا ناتجربہ کارکھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ہم اس سیریز میں وائٹ واش کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ ہوم گراونڈ پر پاکستان کا حالیہ ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ بھی بہتر ہے اور گزشتہ 7میں 6میچوں میں اسے فتح حاصل ہوئی ہے۔2017ءکے آغاز سے اس فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کی پوزیشن بہت اچھی ہے اور 10فتوحات کے مقابلے میں اس کی ناکامیوں کی تعداد صرف3رہی ہے اور عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی اسی کے پاس ہے۔پاکستانی ٹیم کے پاس اپنی ٹاپ پوزیشن کو مستحکم کرنے کا موقع موجود ہوگا۔پاکستان 126 پوائنٹس لے کر سرفہرست اورویسٹ انڈین ٹیم 115 پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں نمبر پر موجود ہے سیریزمیں0-3 سے کامیابی پاکستان کو آسٹریلیا پر 4 پوائنٹس کی واضح سبقت دلا دے گی اور ویسٹ انڈین ٹیم ساتویں پوزیشن پر جا سکتی ہے1-2کے مارجن سے کامیابی پرپاکستان کی پوزیشن اورپوائنٹس میں کوئی فرق نہیںآئے گا۔

شیئر: