Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز کمزور حریف نہیں، ہم پر دباو ہوگا ،سرفراز احمد

 
کراچی:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان  سرفراز احمد نے ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کی تعریف کرتے ہو ئے کہا کہ عالمی چیمپیئن آسان حریف نہیں ہو گی ۔خاص طور پران کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے، انہیں شکست دینا آسان کام نہیں ہوگا اور ساری دنیا جانتی ہے کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی اس فارمیٹ میں بہت اچھا کھیلتے ہیں۔ سرفراز نے اعتراف کیا کہ ہوم گراونڈ کے فائدے کے ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ میزبان ٹیم کو اپنے تماشائیوں اور میڈیا کے سامنے توقعات کے دباو میں کھیلنا پڑتا ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ویسٹ انڈیز کو ہرا کر ورلڈ نمبر ون پوزیشن کو برقرار رکھیں ۔کپتان نے نیشنل اسٹیڈیم میں سیریز کے پریکٹس سیشن کے دوران کہا کہ طویل عرصے بعد کوئی انٹرنیشنل ٹیم پاکستان آرہی ہے اس لئے شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آئیں اور ہمارا حوصلہ بڑھائیں۔ انہوں نے کہا ٹیم کے اکثر کھلاڑی پہلی مرتبہ ہوم گراونڈ پر انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے اس لئے اپنے شائقین کی تائید و حمایت کی بہت ضرورت ہے ۔ کراچی او دیگرشہروں کے شائقین نے جس طرح پی ایس ایل فائنل کو رونق بخشتے ہوئے کامیاب بنایا اسی طرح وہ ویسٹ انڈیز کیخلا ف اس ٹی ٹوئنٹی سیریز کو بھی کامیاب بنائیں۔ سرفراز احمد نے کہاکہ وہ خود بھی پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی سیریز کی قیادت کر رہے ہیں اور اسے کامیاب بنانا ان کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔ میرے لئے یہ بڑا اعزاز ہے کہ ہوم گراونڈ پر قیادت کی ذمہ داری ادا کروں گا۔پاکستانی کپتان نے کہا ملک میں ایک مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا سہرا پاکستان کرکٹ بورڈ کے سر ہے ۔ چیئر مین نجم سیٹھی اور ان کے ساتھیوں کی کوشش سے پہلے پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوا اب ویسٹ انڈیز کیخلاف یہ سیریز بھی یہاں ہو رہی ہے اور اس کی کامیابی مزید انٹر نیشنل مقابلوں کی راہ ہموار کردے گی۔

شیئر: