Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوروپا لیگ: آرسنل اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کی آسان فتح

 
لندن:یوروپالیگ کے کوارٹر فائنلز میں انگلش کلب آرسنل نے روسی کلب سی ایس اے ماسکو کو 1-4جبکہ ہسپانوی کلب ایلیٹیکو میڈرڈ نے پرتگالی کلب اسپورٹنگ لزبن کو0-2سے ہراتے ہوئے سیمی فائنل تک پہنچنے کے پہلے مراحل عبور کرلئے ۔ آرسنل کے اسکور کو دیکھتے ہوئے ان کے سیمی فائنل کھیلنے کے واضح امکانات ہیں جبکہ توقع ہے کہ ہسپانوی کلب بھی دوسرے مرحلے کے میچ میں ایک مرتبہ پھر حریف کو زیر کرلے گا۔ آرسنل اور ماسکو کے درمیان میچ کے تمام گول پہلے ہاف میں ہوئے۔ آرسنل کو اپنے اسکور کی وجہ سے کوئی پریشانی نہیں جبکہ روسی کلب کو بھی اس کی دفاعی لائن میں کوئی رخنہ نہیں مل سکا۔ ایرون رمسی نے میچ کے 9ویں منٹ میں گول کرکے آرسنل کو برتری دلا دی تھی تاہم صرف6منٹ بعد روسی کلب میچ برابر کرنے میں کامیاب ہوگیا جب الیکسینڈر گولوون نے ایک خوبصورت فری کک کے ذریعے گیند کو گول میں پہنچا دیا۔آرسنل کی خوش قسمتی تھی کہ اسے پنالٹی کک مل گئی جسے گول میں تبدیل کرنے میں لاکا زیٹی نے کوئی غلطی نہیں۔اب آرسنل نے کھیل پر پورا کنٹرول حاصل کرلیا تھا اور صرف4منٹ کے بعد رمسی اپنی دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرنے میں کامیاب ہوئے اور انہوں نے ساتھی کھلاڑی کے کراس کو بڑی مہارت سے گول کیپر کے اوپر سے جال میں پھینک دیا۔ مسعود اوزل نے ایک کراس لگایا جسے لاکازیٹی نے بڑی عمدگی سے گول کے نچلے کونے میں پہنچایا اور گول کیپر کو ہلنے کا موقع بھی نہیں مل سکا ۔میچ کے دوران رمسی اور لاکازیٹی کو مزید کئی مواقع ملے وہ آسانی سے اپنی ہیٹ ٹرکس مکمل کرسکتے تھے لیکن گیند ہر بار یا باہر چلی جاتی یا گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگئی۔ایلیٹیکو اور اسپورٹنگ کے درمیان میچ اسی وقت فیصلہ کن ثابت ہوگیاجب ایٹلیٹیکو کے فارورڈ کوکے نے23 سیکنڈز میں اپنی ٹیم کو برتری دلائی اور انٹون گرزمان نے اسے دگنا کردیا ۔ پورے میچ میں پرتگالی کلب بیک فٹ پر رہا اور کسی مرحلے پر اس کے کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش نہیں کی۔ پرتگالی کلب کو دوسرے مرحلے کے میچ میں 0-3سے کامیابی کی صورت میں ہی سیمی فائنل تک رسائی مل سکتی ہے۔جس کا امکان بہت کم ہے ، ماہرین کے مطابق سیمی فائنل میں ہسپانوی کلب ہی آرسنل کے لئے مہلک حریف ثابت ہوگا۔

شیئر: