ٹرین پر سرفنگ کی کوشش مہنگی پڑ گئی
فریمنٹل، آسٹریلیا ..... آسٹریلیا کے مغربی ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک عجیب و غریب واقعہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب کوئی حد سے زیادہ بہادر اور پھرتیلا جوان یا احمق شخص چلتی ٹرین کی چھت پر دوڑنے کی کوشش کررہا تھا اور اسکا اندازایسا تھا کہ جیسے وہ ٹرین کی چھت پر سرفنگ کررہا ہو۔ دوڑتے وقت اس نے کئی قلابازیاں بھی کھائیں۔ آخر ایسی ہی ایک کوشش کے دوران اس کے قدم ذرا ڈگمگائے اور وہ چلتی ٹرین سے کافی دور پانی میں جاگرا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹرین مقامی دریا کے اوپر بنے ہوئے پل پر سے گزر رہی تھی۔ خیر گزری کہ اس نوجوان کو جان کے لالے نہیںپڑے۔ عینی شاہدین کاکہناہے کہ جہاں وہ گرا تھا اس کے قریب ہی کنکریٹ کا بنا ہوا ایک ستون بھی تھا اگر وہ اس سے ٹکراتا تو یقینی طور پر ہلاک ہوجاتا۔ موقع پر موجود ایک شخص نے وڈیو تیار کرکے جاری کی ہے جو فیس بک پر وائرل ہوگئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس نے چلتی ٹرین پر سرفنگ سے قبل آس پاس لگے ہوئے خفیہ کیمروں کا رخ بھی دیکھ لیا تھا اور شاید کیمروں کو دیکھنے کی کوشش اس کے لئے حادثے کا سبب بن گئی۔