Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشز سیریزمیں آسٹریلین پر بال ٹیمپرنگ کا شبہ

 
لندن: انگلش ٹیم کے سابق کپتان اور اوپننگ بیٹسمین ایلسٹرکک کا کہنا ہے کہ انہیں اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی شبہ ہے کہ حالیہ ایشز سیریز کے دوران پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم نے بال ٹیمپرنگ کی تھی ۔ یا درہے کہ اس سیریز میں میزبان آسٹریلیا نے0-4سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پرتھ میں کھیلے جانے والا تیسرا ٹیسٹ اننگز اور 41رنز سے انگلینڈ کی شکست پر ختم ہوا تھا۔ایلسٹر کک نے کہا کہ انہوں نے خود تو کچھ نہیں دیکھا لیکن میچ کے آخری دن صبح ہونے والی بارش کے بعد آﺅٹ فیلڈ بھیگی ہو ئی تھی اور اس صورتحال میں آسٹریلوی بولر زکی جانب سے گیند کو سوئنگ کئے جانے پر ہمیں حیرت ہو رہی تھی لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ وہ اپنی رفتار سے فائدہ اٹھا کر یہ کام کررہے ہوں اس لئے میں واضح طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا ۔ یارکشائر میں ایک تقریب کے دوران سابق کپتان نے مزید کہا کہ بعد میں میڈیا کے ذریعے یہ انکشاف ہوا کہ آسٹریلوی نائب کپتان نے انگلش کھلاڑیوں سے گپ شپ کے دوران یہ کہا تھا کہ انہوں اس میچ میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کی تھی۔یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ، ان کے نائب ڈیوڈ وارنر اور بیٹسمین کیمرون بینکرافٹ کو جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے دوران بال ٹمپرنگ کے جرم میں پابندی اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب تینوں ٹیم سے باہر ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی میچوں کو 100 گیندوں تک محدود کرنے کی تجویز پر کک کا کہنا تھا کہ انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹ کو بھی تحفظ دیا جائے۔ جو بھی کیا جائے ہمیں روایتی چار یا پانچ روزہ کرکٹ کے لئے گنجائش رکھنا ہوگی ۔ سابق کپتان نے کہا کھیل کا اصل مزا ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس میں ہے اور اسی سے کسی بیٹسمین اور بولر کی حقیقی صلاحیتوں کا اندازہ ہو سکتا ہے ۔ اس میں شک نہیں اب زیادہ پیسہ مختصر فارمیٹس میں ہے لیکن بہرحال اصل کرکٹ کو بھی برقرار رکھنا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

شیئر: