Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل ادریس حسن لطیف انتقال کر گئے

    حیدرآباد- - - -حیدرآباد اپنے  ایک عظیم سپوت سے محروم ہوگیا جنہوں نے ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ کی حیثیت کے علاوہ  مایہ ناز خدمات انجام دی تھیں۔ ہندوستانی فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل ادریس حسن لطیف کا گزشتہ روزحیدرآباد کے پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 94برس تھی ۔لطیف جو 1978سے 1981تک  فضائیہ کے سربراہ تھے کو  نمونیہ کی شکایت پر 25اپریل کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ۔ ۔منگل کی صبح پرانا شہر حیدرآباد کے حسینی علم میں واقع آبائی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔وہ 9جون 1923کو حیدرآباد میں پیدا ہوئے تھے۔نظام کالج سے تعلیم مکمل کی اور 1941میں رائل انڈین ایئر فورس سے 18سال کی عمر میں وابستہ ہوگئے ۔ امبالہ میں  تربیت کی تکمیل کے بعد ان کو کراچی میں تعینات کیا گیا جہاں انہوں نے وینٹیج بائی پلینس اڑائے ۔1943-44میں وہ ان منتخب ہندوستانی پائلٹس میں سے ایک تھے جنہیں برطانیہ کی رائل ایئر فورس میں شامل کیا گیا تھا ۔وہ 1944کو  ہندوستان واپس ہوئے اور برما کی مہم میں حصہ لیا ۔ تقسیم ہند کے موقع پر انہوں نے ہندوستانی فضائیہ کا انتخاب کیا حالانکہ بعض افراد نے ان پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستانی فضائیہ میں شامل ہو جائیں ۔ 1971کی جنگ کے  دوران انہوں نے اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف اے سی اے ایس (پلینس) کے طور پر خدمات انجام دی تھیں ۔وہ بحریہ کے پہلے ایسے افسر تھے جنہوں نے تین مختلف ایرفورس بشمول رائل انڈین ایرفورس،رائل ایرفورس اور انڈین ایر فورس میں خدمات انجام دی تھیں۔انہوں نے انڈونیشیا کے پائلٹس کو بھی تربیت دی تھی۔لطیف ہندوستانی فضائیہ کے واحد مسلم سربراہ رہے۔ فضائیہ کو عصری بنانے کے کاموں میں بھی وہ شامل رہے ہیں ۔روس سے مگ ۔23طیاروں کی خریدی اور مگ 25طیاروں کو ہندوستانی فضائیہ میں شامل کرنے کی بات چیت میں بھی وہ شامل تھے ۔1981میں ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں مہاراشٹرا کا گورنر اور فرانس میں ہندوستانی سفیر مقرر کیا گیا تھا۔وہ سابق گورنر مہاراشٹرا نواب علی یاورجنگ کے داماد تھے ۔
مزید پڑھیں:- - - -یوپی بورڈ کے امتحان میں 150اسکولوں کے سبھی طلبہ فیل

شیئر: