Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں معاونت، شاہی فرمان جاری

معاونت بے روزگاری انشورنس سکیم ’ساند‘ کے ذریعے فراہم کی جائے گی( فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے سوشل انشورنس قانون کے دائرہ کار میں آنے والے اداروں کے سعودی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں معاونت کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ معاونت بے روزگاری انشورنس سکیم ’ساند‘ کے ذریعے فراہم کی جائے گی جس کی زیادہ سے زیادہ مدت 3 ماہ ہوگی۔​
شاہی فرمان ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی  پیش کردہ تجویز کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد سعودی شہریوں کے لیے ملازمتوں کا تحفظ، روزگار کے استحکام کو بڑھانا اور قومی معیشت کی لچک کو مضبوط بنانا ہے۔
شاہی فرمان کے تحت مستحق اداروں کے سعودی ملازمین کو بے روزگاری بیمہ نظام اور سماجی بیمہ نظام کی بعض دفعات سے استثنی دیا گیا ہے تاکہ جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس ’ساند‘ کے ذریعے ان ملازمین کو مقررہ مدت تک معاوضہ ادا کیا سکے۔
اقدام پرعمل درآمد اور مستحق شعبوں و اداروں کی نشاندہی، معاونت کے ضوابط، اہلیت کا معیار، معاوضے کی ادائیگی کے طریقہ کار اور ترجیحات کے تعین کےلیے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں خزانہ، اقتصادیات، منصوبہ بندی، انسانی وسائل اور جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس کے گورنر شامل ہوں گے جبکہ ضرورت کے مطابق متعلقہ شعبے کے وزیر بھی کمیٹی کا حصہ ہوسکتے ہیں۔
 وزیر خزانہ اور جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین محمد بن عبداللہ الجدعان نے سعودی قیادت کا اس شاہی فرمان کے اجرا پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ایسی لچکدار پالیسیوں کا عکاس ہے جو لیبر مارکیٹ کے استحکام، ترقیاتی و اقتصادی کامیابیوں کے تحفظ اور کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے میں معاون ہیں۔
الجدعان کے مطابق جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس نے ’ساند‘ کے ذریعے اس اقدام پر عمل درآمد کے لیے اپنی جانب سے تیاری مکمل کرلی۔

 

شیئر: