Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں ٹاور پر حملہ: پاکستان، جی سی سی اور دیگر ملکوں کی مذمت

حملے میں سعودی شہریوں سمیت گیارہ افراد زحمی ہوئے ہیں۔ ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) عرب اور دیگر ملکوں نے ریاض میں فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور پر حوثی ملیشیا کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں سعودی شہریوں سمیت گیارہ افراد زحمی ہوئے ہیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ایسے بزدلانہ حملوں کی پر زور مذمت کی گئی جو شہریوں اور شہری تنصیبات کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
اس کے ساتھ علاقائی کشیدگی میں اضافہ کرتے ہیں اور امن و استحکام کی بحالی کی کوششوں کو سبوتاژ کرتے ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور کہا کہ مملکت کو اپنی سرزمین کے دفاع، اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کا پورا حق حاصل ہے۔
 پاکستان نے سعودی حکام کی فوری کارروائی اور جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔
حملے میں زخمی ہونے والوں اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار، ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔
خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے اس حملے کو ایک گھناؤنا جرم قرار دیا جو حوثی ملیشیا کے دہشت گردانہ طرزعمل کو ظاہر کرتا ہے۔
 سیکرٹری جنرل نے حوثی ملیشیا کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فیصلہ کن بین الاقوامی موقف کی ضرورت پر زور دیا۔
 بیان میں کہا گیا کہ جی سی سی کے رکن ممالک مملکت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مملکت کی جانب سے خود مختاری کے دفاع، اپنی سرزمین، شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا۔

 

شیئر: