Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دفاعی بجٹ 263 ارب ریال، قومی معیشت کا استحکام اور معیار زندگی بلند کرنا ترجیحات: الجدعان

سعودی وزیر خزانہ کا کہنا تھا مملکت کی مالی پوزیشن مستحکم ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ مالی سال 2027 کے بجٹ کی ترجیحات میں شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی، معیارِ زندگی بہتر بنانا، نجی شعبے کی ترقی اور قومی معیشت کو مستحکم کرنا شامل ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ریاض میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا ’آئندہ  بجٹ کے لیے آمدنی کا تخمینہ ایک ٹریلین 202 ارب ریال ہے جبکہ اخراجات ایک ٹریلین 392 ارب اور خسارے کا تخمینہ 190 ارب ریال کا لگایا گیا ہے۔‘
 رواں برس 2026 کے اختتام پر سرکاری اخراجات ایک ٹریلین 436 ارب ریال جبکہ آمدن کا تخمینہ ایک ٹریلین 191 ارب ریال لگایا گیا۔ اس طرح بجٹ خسارہ 190 ارب ریال کے قریب رہنے کا امکان ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا ’گزشتہ 10 برسوں میں وژن 2030 کے تحت سعودی معیشت میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ نان آئل سیکٹر میں اضافہ ہوا، نجی سیکٹر کا کردار بڑھا اور ٹیکنالوجی، سیاحت، صنعت اور دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کی گئی۔’
ان کے مطابق تیل کی پیداوار میں کمی کے باوجود  نان آئل اکانومی کی نمو برقرار رہی اور اس کا حجم ملکی مجموعی پیداوار کے 57.7 فیصد تک پہنچ گیا۔
سعودی وزیر خزانہ نے کہا ’2027 کے بجٹ میں تعلیم، صحت، سماجی ترقی اور بلدیاتی خدمات کے لیے 544 ارب ریال مختص کیے گئے ہیں جبکہ دفاعی شعبے کا بجٹ 263 ارب ریال ہوگا۔‘

الجدعان نے امید ظاہر کی کہ آئندہ برس سعودی معیشت کی مجموعی پیداوار میں 10 فیصد اضافہ ہوگا جبکہ مہنگائی کی شرح تقریبا 2.3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا ’مملکت کی مالی پوزیشن مستحکم ہے۔ حکومتی قرضوں کا بڑا حصہ مقررہ شرح سود پر ہے جس سے عالمی سطح پر شرح سود میں اضافے کے اثرات محدود رہتے ہیں۔ نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ بھی سرمایہ کاروں کی جانب سے معیشت پر اعتماد کا عکاس ہے۔‘
انہوں نے بتایا ’مملکت نے پہلی مرتبہ انشورنس اتھارٹی اور قومی انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے خصوصی انشورنس فنڈ قائم کیا ہے جس کا مقصد مملکت کی بندرگاہوں پرآنے والی شپمنٹس کے بیمہ اخراجات کو کم کرنا ہے۔ اس اقدام سے انشورنس میں 50 سے 60 فیصد تک کمی آئی، جس کے اثرات نئی انشورنس پالیسیوں کے اجرا کے ساتھ بتدریج ظاہر ہوں گے۔‘

’حکومت بحیرہ احمر کی بندرگاہوں کے ذریعے سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں درآمدات کو آسان بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات کررہی ہے جن میں کسٹم کارروائیوں، ٹرکوں کی آمد ورفت، سامان کی جانچ اور متعلقہ ممالک کے درمیان رابطے کے عمل کو بہتر بنانا شامل ہے‘۔
محمد الجدعان کا کہنا تھا ’قومی نجکاری حکمت عملی کے تحت سال 2017 سے اب تک 200 کے قریب معاہدے کیے جاچکے ہیں ان کی مجموعی مالیت 800 ارب ریال کے قریب ہے۔ اس وقت پانی بجلی، صحت، ماحولیات، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں 202 منصوبے مختلف مراحل میں ہیں۔‘
وزیر خزانہ نے واضح کیا ’وژن 2030 محض ایک منصوبہ نہیں بلکہ معاشی، سماجی اور مالیاتی ڈھانچے میں مسلسل تبدیلی کا عمل ہے جس کا مقصد قومی معیشت کو متنوع بنانا، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا اور نجی شعبے کے لیے ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔‘

 

شیئر: