Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بال رنگیں ، مگر احتیاط سے

 دنیا بھر  میں بالوں کی مختلف اسٹائل کے بارے میں مختلف قسم کا رجحان ملتا ہے ۔ اس میں بالوں کا رنگ بے حد اہمیت رکھتا ہے ۔ کسی زمانے میں خواتین بالوں میں مہندی لگا کر انہیں بے رونق ہونے سے بچاتی تھیں لیکن اب سائنس کی فراہم کردہ جدت    نے  بالوں کو قوس و قزح کے سارے رنگ دے دیے ہیں ۔ جدید ترین ہیئر ڈائی بالوں کو قدرتی رنگ دینے کے ساتھ ساتھ ان میں نئی چمک پیدا کر دیتے ہیں ۔ 
اپنے فیشن سینس کے مطابق بالوں کو رنگنے کا شوق ایک طرف ، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بالوں پر مختلف کیمیکلز کا استعمال جلدی بیماریاں پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے ۔ یہ کیمیائی مرکبات بالوں کی اندرونی تہہ میں جذب ہوکر اسے خشک اور روکھا بنا دیتے ہیں اور اس طرح ان میں سے ملائمت ختم ہو جاتی ہیں ۔ آجکل خواتین فیشن کے مطابق بالوں کو ہلکے ، گہرے سنہری اور سرخی مائل کے علاوہ دو شیڈز  میں بھی رنگ رہی ہیں ۔ ماہرین یہ مشورہ دیتے ہیں کہ اگر آپ کے بالوں کا رنگ فطری طور پر خوبصورت ہے تو  انہیں  ہرگز نہ چھیڑیں ۔ خوبصورت قدرتی بالوں کا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا اس لیے ان پر مختلف رنگ استعمال کرنے سے گریز کریں ۔ جو خواتین اپنے بالوں کو رنگتی ہیں وہ بالوں کا رنگ جلدی جلدی تبدیل کرنے سے بھی اجتناب کریں ۔ بار بار رنگ بدلنے سے بال کمزور ہو جاتے ہیں البتہ مہندی آپ کے بالوں کے فطری رنگ کو تبدیل نہیں کرتی ۔ اسے  سادہ پانی میں گھول کر دو سے چار گھنٹے تک کے لئے بالوں پر لگا کر بالوں کو خوبصورت قدرتی رنگ دیا جا سکتا ہے ۔ البتہ اس بات کا خیال رکھیں کہ   مہندی کم از کم تین ماہ کے وقفے سے لگائیں ۔ اگر آپ نے ہر ماہ مہندی استعمال کی تو آپ کے بال خشک ہو سکتے ہیں ۔ اس بات کا بھی خیال رکھیں اگر آپ بالوں کو نیا رنگ دینا چاہتی ہیں تو  خود  تجربہ کرنے کے بجائے کسی ماہر بیوٹیشن سے رابطہ قائم کریں کیونکہ بیوٹیشن مختلف رنگوں میں شامل کیمیکلز کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریٹمنٹ کرتی ہیں  جس کے باعث بالوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ کم ہوتا ہے ۔
 
 

شیئر: