سعودی عرب کے دفاعی نظام نے ڈرون اور بیلسٹک میزائل کے نئے حملے ناکام بنا دیے
الخرج کمشنری میں 6 بیسلٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کیا گیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ دفاع نے اتوار کو کہا کہ ’ فضائی دفاعی افواج نے نئے حملوں میں مملکت کے مختلف اہداف کو نشانہ بنانے والے 18 ڈرونز اور چھ بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کیا ہے۔‘
ایس پی اے اور الاخباریہ کے مطابق ترجمان نے بیان میں بتایا ’الشرقیہ ریجن ، ربع الخالی، الجوف اور ریاض ریجن میں ڈرونز کو روکا گیا۔‘
ترجمان نے کہا ’الخرج کمشنری میں داغے گئے 6 بیسلٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کیا گیا۔‘
ان حملوں میں پرنس سلطان ایئر بیس، شیبہ آئل فیلڈ اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
ایران 28 فروری سے اپنی سرزمین پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے جواب میں خلیجی خطے میں فوجی اور سویلین تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔
حملوں کی اس تازہ لہر کے بعد مملکت میں اب تک تباہ کیے جانے والے دشمن کے ڈرونز کی کل تعداد 150 سے زیادہ ہو گئی ہے۔
فضائی دفاعی دستوں نے اب تک مجموعی طور پر قریباً 31 میزائل بھی مار گرائے ہیں جن میں زیادہ تر بیلسٹک اور کچھ کروز میزائل شامل ہیں۔
حملوں کو روکنے کی کارروائیاں متعدد علاقوں میں رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں مشرقی صوبہ، ربع الخالی میں شیبہ آئل فیلڈ کے قریب کا علاقہ، ریاض کا خطہ اور مملکت کے دیگر حصے شامل ہیں۔ اب تک کا سب سے شدید حملہ 12 مارچ کو ہوا تھا جب فضائی دفاع نے ایک ہی دن میں 31 ڈرونز مار گرائے تھے۔
