Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہاب ریاض کاونٹی کرکٹ کیلئے بے تاب

لاہور:پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ وہ انگلش کاونٹی ڈربی شائر میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے بے تاب ہیں اور کاونٹی انتظامیہ کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انہوں نے اپنے انتخاب پرکاونٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں اور ا گر کاونٹی کو ریورس سوئنگ اور فاسٹ بولنگ کے علاوہ پاکستان سے کچھ چاہئے تو بتائیں۔ وہاب ریاض اس سیزن میں انگلش کاونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کے10 میچ کھیلیں گے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم بھی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں کیلئے ان دنوں انگلینڈ میں ہے تاہم وہاب ریاض پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں ۔ ادھرڈربی شائر کے کرکٹ مشیر کم برنیٹ کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض اعلیٰ معیار کے فاسٹ بولر ہیں جس کی وجہ ہماری ٹیم کو تجربہ اور کامیابی حاصل ہوگی۔ڈربی شائر کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ہارڈس ولیون نے بھی وہاب ریاض کی ڈربی شائر میں شمولیت کو زبردست خبر قرار دیا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ شائقین اپنی نشستوں پر سنبھل کر بیٹھیں’’ راکٹ‘‘ آپ کی جانب آ رہے ہیں۔ پاکستان زندہ باد۔ واضح رہے کہ وہاب ریاض اور فواد عالم کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر سلیکشن کمیٹی کو سخت تنقید کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔وہاب ریاض اب تک 67 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 21.22 کی اوسط سے 197 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ اس سے قبل وہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ایسیکس، کینٹ اور سرے کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔وہ اپنا پہلا میچ 6 جولائی کو لنکاشائر لائٹننگ کے خلاف اور آخری میچ 3 اگست کو برمنگھم بیئرز کے خلاف کھیلیں گے۔جس کے بعد وہ کیریبیئن لیگ میں شرکت کیلئے ویسٹ انڈیز جائیں گے۔

شیئر: