سعودی پروگرام کے تحت یمن میں پاور سٹیشنوں کو تیل کی فراہمی
اتوار 25 جنوری 2026 23:20
یمن میں 70 سے زیادہ پاور سٹیشنوں کو تیل فراہم کیا جا رہا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
یمن کی تعمیر نو اورترقی کے سعودی پروگرام نے یمن میں پاور سٹیشنوں کو تیل کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
سعودی پروگرام کے تحت یمن میں 70 سے زیادہ پاور سٹیشنوں کو تیل کی مصنوعات کی فراہمی شروع کی کی گئی۔
ایس پی اے کے مطابق تیل کی مصنوعات پر مشتمل گرانٹ 14 جنوری 2026 کو سعودی اعلی قیادت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پرعمل درآمد کے تحت دی جارہی ہے جس کا مقصد یمن میں بجلی کے شعبے کی سپورٹ، بجلی گھروں کی بحالی اور انہیں فعال رکھنا ہے۔
اس اقدام کا مقصد یمنی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا اور سماجی استحکام کو فروغ دینا ہے ۔
تیل کی مصنوعات کی فراہمی کے پرگرام کے مطابق ڈیزل اور ایندھن کے تیل کی مجموعی مقدار 339 ملین لٹر ہے جس کی مالیت 81.2 ملین ڈالر ہے۔
خیال رہے یمن کی تعمیرِ نو ترقی کے حوالے سے سعودی پروگرام کی جانب سے سال 2018 میں 180 ملین ڈالر مالیت کا تیل بھیجا گیا جبکہ سال 2021 میں 422 ملین امریکی ڈالر اور سال 2022 میں 200 ملین ڈالر مالیت کا تیل گرانٹ بھیجی گئی تھی۔
