Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز الیون ہوشیار! آئرش ٹیم اپ سیٹ کرسکتی ہے

کراچی :پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں سرفراز الیون کو خبر دار کیا ہے ۔ سابق ہیڈ کوچ وقار یونس اور سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ مخصوص موسمی صورتحال اور وکٹ سرفراز الیون کیلئے مسئلہ بن سکتی ہے اور فرسٹ کلاس میچ میں کامیابی کے بعدبھرپور مقابلے کیلئے تیار رہناہوگا۔ وقار یونس نے پاکستان ٹیم کو آئر لینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ کے بارے میں خبردار کرتے ہو ئے کہا کہ ہوم کنڈیشنز میں میزبان ٹیم ہمارے لئے کبھی آسان ثابت نہیں ہوگی۔ بیرون ملک پاکستانی بیٹنگ لائن کی روایتی کمزوری کو دیکھتے ہوئے ہر کھلاڑی کو مکمل توجہ کے ساتھ کھیلنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی جارحانہ لیکن محتاط بیٹنگ پر توجہ دیں اور بولرز کی محنت کو ضائع نہ ہونے دیں۔ سابق ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ آئر لینڈ کی ٹیم اپنی کرکٹ تاریخ کا پہلا ٹیسٹ کھیل رہی ہے اور وہ نئی تاریخ رقم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی جبکہ ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے اسے اضافی ایڈوانٹیج بھی حاصل ہے۔ دوسری جانب سابق کپتان اور اپنے دورکے عظیم بیٹسمین یونس خان نے کہا کہ اگر چہ روایتی فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کا بظاہر آئرلینڈ سے کوئی مقابلہ نہیں لیکن مخصوص حالات اور صورتحال کے باعث اسے کمزور یا آسان حریف نہیں سمجھنا چاہیے۔ حقیقت یہی ہے کہ اس میچ میں اصل دباؤ پاکستانی ٹیم پر ہی ہوگا۔آئر لینڈ کے پاس گنوانے کے لئے کچھ نہیں لیکن ہمیں بڑے اپ سیٹ سے بچنے کیلئے پورا زور لگانا ہو گا۔

شیئر: