Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جرمن فٹبالرز کی ترک صدر کیساتھ تصویر پر تنقید

برلن: جرمن سیاستدانوں اور فٹبال فیڈریشن نے لندن میں ترک صدر رجب طیب اردگان کے ساتھ جرمن فٹبالرز کی تصاویر پر ان کھلاڑیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ انگلش کلبز میں کھیلنے والے ترک نژاد جرمن کھلاڑیوں مسعود اوزل اور ایلکے گندوگان نے لندن میں ایک فلاحی تقریب کے دوران ترک صدر کو اپنی دستخط شدہ ٹی شرٹس پیش کی اور ملاقات میں گندوگان نے انہیں میرے معزز صدر کہہ کر مخاطب کیا ۔اوزل آرسنل جبکہ گندوگان مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی ہیں اور دونوں ہی ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپیئن جرمنی کے اسکواڈ کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ جرمن سیاستدانوں نے اپنے فٹبالرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جرمنی کے جمہوری اقدار پر سوالات اٹھائے۔ فٹبال فیڈریشن کے صدرکا کہنا تھا کہ ترک صدر نے جمہوری اقدار کا احترام نہیں کیا اور یہ اچھی بات نہیں کہ ہمارے بین الاقوامی کھلاڑی ان کی انتخابی مہم کا حصہ بنیں۔ اس تنقید کے بعد ایلکے گندوگان کا کہنا تھا کہ ان کی ترک صدر کے ساتھ ملاقات ترک طالب علموں کی مدد کرنے والی ترک فاونڈیشن کی تقریب میں ہوئی تھی۔انہوں نے سیاستدانوں اور فیڈریشن سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے والدین کے ملک کے صدر کے ساتھ بدسلوکی کرتے؟ان کا کہنا تھا کہ ان تصاویر کا کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا۔

شیئر: