Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کا’یہ طریقہ نہیں‘، سکاٹ لینڈ کرکٹ بورڈ کا بنگلہ دیشی کھلاڑیوں سے اظہار ہمدردی

سکاٹ لینڈ کرکٹ کی چیف ایگزیکٹو نے انڈیا میں ٹی20 ورلڈ کپ سے آخری لمحات میں باہر کیے جانے پر بنگلہ دیشی کھلاڑیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق سکاٹ لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ٹروڈی لینڈبلیڈ نے کہا کہ سکاٹ لینڈ اس انداز میں ورلڈ کپ کھیلنے کی خواہاں نہیں تھی، تاہم غیر معمولی حالات میں انہیں آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔
ٹروڈی لینڈبلیڈ نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاہے’یہ وہ طریقہ نہیں ہے جس سے ہم ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے تھے۔ ہر ٹیم کے لیے ایک کوالیفکیشن کا طریقہ کار ہوتا ہے اور ہم بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کے لیے واقعی افسوس محسوس کرتے ہیں۔‘
بنگلہ دیش کی جانب سے انڈیا میں میچ کھیلنے سے انکار اور آئی سی سی کے مختصر وقت میں میچز سری لنکا منتقل نہ کرنے کے فیصلے کے بعد سکاٹ لینڈ کو آخری لمحے میں ورلڈ کپ میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔ سکاٹ لینڈ کو باضابطہ اطلاع آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنوج گپتا نے دی۔
ٹروڈی لینڈبلیڈ کے مطابق ٹیم کی تیاری کے لیے محدود وقت میں انتظامات کرنا ایک بڑا چیلنج ہے اور پورا عملہ دن رات محنت کر رہا ہے، جبکہ آئی سی سی نے سکاٹ لینڈ کے کھلاڑیوں کے انڈین ویزوں کی فوری منظوری کی یقین دہانی کرائی ہے۔
گزشتہ جولائی میں یورپ ریجنل فائنل میں اٹلی اور جرسی کے خلاف شکست کے بعد سکاٹ لینڈ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا تھا۔
ہیڈ آف پرفارمنس اسٹیو اسنیل نے کہا کہ ’ہم انڈر ڈاگ کے طور پر ٹورنامنٹ میں جا رہے ہیں، لیکن دباؤ دیگر ٹیموں پر ہوگا۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ہر میچ میں بہترین مقابلہ کریں اور بڑے اپ سیٹس کریں۔‘
سکاٹ لینڈ کی ٹیم فروری کے آغاز میں انڈیا پہنچے گی اور افغانستان اور نمیبیا کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی۔ ٹیم نئے ہیڈ کوچ اوون ڈاکنز کی قیادت میں ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔
سکاٹ لینڈ کو گروپ بی میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، اٹلی اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
 

شیئر: