Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فٹبال ٹیم کا تربیتی کیمپ ، 60کھلاڑی شر یک


لاہور: پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام ایشین گیمز اورساف چیمپیئن شپ کی تیاریوں کے لیے تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہو گا ۔کراچی میں چیلنج کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن حکام کی اگلی نظریں ایشین گیمز پرہیں۔ برازیل سے تعلق رکھنے والے چیف کوچ جوز انٹونیو نوگیورا نے کراچی میں شیڈول چیلنج کپ کے میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے کر 60 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر لی ہے جنہیں لاہور میں لگنے والے کیمپ کے دوران مدعو کیا گیا ہے ۔ منتخب کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان ایئر فورس، واپڈا، سوئی سدرن گیس، پاکستان پیٹرولیم، آرمی، اسٹیٹ لائف، پاکستان سول ایوی ایشن، نیشنل بینک، خان ریسرچ لیبارٹری، کے الیکٹرک، پاکستان ریلویز، نیوی اور سوئی ناردرن گیس سے ہے۔ ان میں سے ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔پاکستانی فٹبال ٹیم 3 سال بعد جکارتہ میں 18 اگست سے 2 ستمبر تک ہونے والے ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔ ٹیم کی اگلی صلاحیتوں کا امتحان ساف فٹبال چیمپیئن شپ ہے جو بنگلہ دیش میں 4 سے 15ستمبر تک کھیلی جائے گی۔اس ایونٹ میں بنگلہ دیش سمیت بھوٹان، ہند، مالدیپ، نیپال، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن حکام کا کہنا ہے کہ 3 سال کی قومی اور انٹرنیشنل سرگرمیوں کی معطلی سے فٹبال کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ عالمی ایونٹس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے نہ صرف پاکستانی ٹیم کی رینکنگ بری طرح متاثر ہوئی بلکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بھی زنگ لگ گیا لیکن نئے عزم اور ولولے کے ساتھ کھیل کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں۔

شیئر: