Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیڈنگلے ٹیسٹ اسٹیڈیم میں دیکھوں گا، چیئرمین پی سی بی

لندن:پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی درخواست پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ دیکھیں گے۔ انہوں نے نے 31 مئی کو واپس پاکستان آنا تھا لیکن اب انہوں نے اپنے قیام میں توسیع کردی ہے ۔ نجم سیٹھی ان دنوں لندن میں موجود ہیں جہاں انہوں نے لارڈز میں پاکستانی ٹیم کا پہلا ٹیسٹ میچ بھی دیکھا تھا۔پاکستانی چینل سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ای سی بی کے چیئرمین کولن گریو نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ میںان کے ساتھ مل کر دوسرا ٹیسٹ دیکھوں۔یہ مناسب نہیں تھا کہ میں اپنے انگلش ہم منصب کی دعوت سے انکار کر تا لہٰذا اب میں نے اپنا قیام بڑھاتے ہوئے لیڈز جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بطور چیئرمین ٹیم کی جیت پر انعام کے سوال پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ لیڈز ٹیسٹ ہو جائے اور ٹیم ان شاءاللہ سیریز جیت جائے تو اس بارے میں ضرور بات ہو گی۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں میزبان انگلش ٹیم کو حد سے زیادہ خواعتمادی لے ڈوبی۔ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے توقعات سے بڑھ کر کھیل پیش کیا اور انگلش کمنٹیٹرز نے بھی ٹیم کی خوب تعریف کی۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی اور کوچز کوئی سفارش قبول نہیں کرتے اور ایک طے شدہ حکمت عملی کے تحت ٹیم کو آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔پہلے ٹیسٹ کے موقع پر برطانوی وزیراعظم سے بات ہوئی اور انہیں کہا کہ ہم انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں اور اس مقصد کے لیے آپ بھی ساتھ دیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم کو بتایا کہ فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بہت کام کیا ہے جس کی وجہ سے صورتحال بہتر ہوگئی ہے یہی وجہ ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دے رہے ہیں۔

شیئر: