Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میچ فکسنگ کی پیشکش کے دعویٰ پرعمر اکمل کی طلبی

 
لاہور:کھیل کے بجائے تنازعات کی مدد سے خبروں میں نمایاں ہونے کے شوقین پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل کو اینٹی کرپشن یونٹ نے پوچھ گچھ کے لئے طلب کرلیا اور وہ پیش ہو کر اس بارے میں موقف بتائیں گے ۔ عمر اکمل نے ایک دعویٰ کیا ہے کہ 2015ئکے ورلڈ کپ کے دوران ہند کے خلاف میچ کیلئے انہیں فکسنگ کی پیشکش ہوئی تھی جو بقول ان کے، انہوں نے مسترد کردی تھی لیکن اس میچ میں عمر اکمل صفر پر آوٹ ہوگئے تھے جبکہ پاکستان ہار بھی گیا تھا۔ فروری 2015ء میں ایڈیلیڈ اوول میں ہونے والے اس میچ نے دنیا بھرمیں ٹیلی ویژ ن شائقین کی تعداد کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس میچ کو 288 ملین لوگوں نے دیکھا اور یہ کھیلوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ بن گیا۔ اب عمر اکمل نے اس میچ کے بارے میں شکوک شبہات پیدا کردئیے ہیں۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے اس پیشکش کے بارے میں ٹیم انتظامیہ اور آئی سی سی کو نہیں بتایا تھا جبکہ عمر اکمل کے مطابق انہوں نے متعلقہ حکام کو اس بارے میں آگاہ کردیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی بیٹسمین کے اس متنازعہ بیان پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ آئی سی سی ترجمان نے بتایا کہ ہم عمر اکمل کے خلاف تحقیقات کا آغاز کررہے ہیں ا وران کا موقف بھی جاننا چاہیں گے۔ اس بارے میں کسی کے پاس کوئی معلومات ہوں تو وہ رابطہ کرے۔ترجمان نے پاک ہند میچ میں فکسنگ کی تردید کی ۔ عمر اکمل نے کہا کہ ورلڈ کپ میں2 گیندیں نہ کھیلنے پر2لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی تھی۔ پاکستانی بیٹسمین نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جب بھی میں پاکستان کی جانب سے ہندکے خلاف کھیلا مجھے پیشکش کی جاتی تھی کہ میچ نہ کھیلوں اوراس کے عوض مجھے پیسوں کی پیشکش کی جاتی تھی لیکن میں نے ہمیشہ انکار کیا تاہم عمر اکمل نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے ان پیشکشوں کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو بھی دی تھی یا نہیں۔ آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کسی کھلاڑی کو سٹے باز کی جانب سے پیشکش ہوتی ہے تو اسے اس کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو کرنا ضروری ہے۔ایسی پیشکش چھپانے پر فاسٹ بولر محمد عرفان کو پابندی اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ گزشتہ برس آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے ٹیم میں منتخب عمر اکمل کو انگلینڈ میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ان فٹ قرار دے کر وطن واپس بھیج دیا تھا جس کے بعد عمر اکمل نے ان کے خلاف بھی الزامات لگائے تھے اور بعد میں انہیں معافی مانگنا پڑی تھی۔ 

شیئر: