Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملازمین آن لائن مقدمات درج کرواسکیں گے، سعودی کابینہ

جدہ .... سعودی کابینہ نے ملازمین کو آن لائن مقدمات درج کرانے ، ماحولیاتی جرمانے سو گنا بڑھانے اور آن لائن تجارتی کونسل کے قیام کی منظوریاں دیدیں۔ اجلاس خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منگل کو جدہ کے قصر السلام میں منعقد ہوا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملازمین کے اختلافات کا تصفیہ کرنے والے ادارے کارکنان سے مقدمات کی رپورٹ آن لائن وصول کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں وہ رجسٹرڈ موبائل کے ذریعے بھیجے جانے والے ایس ایم ایس، ای میل اور کسی بھی سرکاری سسٹم پر رجسٹرڈ ویب سائٹ پر دی گئی اطلاع قبول کرنے کے مجاز ہونگے۔ سعودی کابینہ نے طے کیا کہ آن لائن تجارتی کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے۔ چیئرمین وزیر تجار ت و سرمایہ کاری ہونگے جبکہ سرکاری اداروں کے دو نمائندے اور نجی اداروں کے 3نمائندے تین برس کے لئے کونسل کے رکن مقرر ہونگے۔ سعودی کابینہ نے تیل کے ماسوا آمدنی کے فروغ کے یونٹ کا نام بھی تبدیل کردیا۔ نیا نام تیل کے ماسوا آمدنی کے فروغ کا مرکز رکھ دیا گیا۔ سعودی کابینہ نے ماحولیاتی قانون کی دفعہ 18میں ترمیم منظور کرکے طے کیا کہ جو شخص بھی ماحولیاتی قانون کی دفعات میں سے کسی ایک کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا اس پر 10ہزار ریال کے بجائے 10لاکھ ریال تک کا جرمانہ کیا جائیگا۔ کابینہ نے جرمانے میں سو گنا کا اضافہ کردیا۔ کابینہ نے ایک ترمیم یہ بھی منظور کی ہے کہ ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو خلاف ورزی کے اثرات مٹانے کا بھی پابند بنایا جائیگا اور دوبارہ خلاف ورزی پر انتہائی جرمانہ لگایا جائیگا۔ نیز 90دن تک ادارہ بند بھی کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس کے آغاز میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے ماہ مبارک رمضان کے دوران لاکھوں افراد کو عمرہ و زیارت کی توفیق عطا فرمائی۔ زائرین نے سارے کام سہولت و آسانی سے انجام دیئے۔ عمرہ موسم منفرد شکل میں کامیاب رہا۔ ضیوف الرحمان نے امن و امان او رسکون و اطمینان کے ماحول میں عبادت یکسوئی کے ساتھ انجام دی۔ انہیں وہ تمام سہولیات میسر رہیں جو عمرہ و زیارت و عبادت کیلئے درکار تھیں۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر امریکی صدر کے ٹیلیفونک رابطے میں زیر بحث آنے والے امور سے کابینہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر اور انہوں نے عالمی اقتصاد کی شرح نمو برقرار رکھنے اور تیل منڈی کے استحکام کیلئے جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔کابینہ نے اس حوالے سے اپنے تاریخی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تیل منڈی میں توازن و استحکام سعودی عرب کی غیر متزلزل پالیسی تھی ہے اور رہیگی۔ سعودی عرب یہ کام تیل پیدا کرنے والے تمام ممالک اور تیل خریدنے والے بڑے ممالک کے ساتھ صلاح مشورے اور تال میل پیدا کرکے ماضی کی طرح مستقبل میں بھی انجام دیتا رہیگا۔ کابینہ نے سعودی وزیر مواصلات کو جاپان کے ساتھ مواصلات او رانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت اور وزیر ٹرانسپورٹ کو نقل و حمل کے شعبے میں جاپان کے ساتھ تعاون کی یادداشت پر دستخط کے اختیارات تفویض کئے۔
 

شیئر: