اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی میں 45 دن کی توسیع پر اتفاق
اسرائیل نے گزشتہ ماہ جنوبی لبنان میں اپنی زمینی کارروائیوں کا دائرہ بھی وسیع کر دیا تھا۔ (فوٹو: یو ایس سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ایکس)
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اسرائیل اور اور لبنان نے جنگ بندی میں مزید 45 دن کی توسیع پر اتفاق کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگاٹ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 16 اپریل کو اعلان کردہ جنگ بندی کو ’مزید پیش رفت کے لیے‘ 45 دن تک بڑھایا جا رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق واشنگٹن میں جمعرات اور جمعہ کو ہونے والے اسرائیل، لبنان مذاکرات انتہائی مثبت رہے، جبکہ دونوں ممالک 2 اور 3 جون کو دوبارہ مذاکرات کریں گے۔
یہ مذاکرات اس وقت ہوئے جب اسرائیل نے لبنان پر فضائی حملے تیز کر دیے تھے۔ اس سے قبل حزب اللہ نے 2 مارچ کو اسرائیل پر میزائل حملے کیے تھے، جو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے تیسرے روز کیے گئے تھے۔
اسرائیل نے گزشتہ ماہ جنوبی لبنان میں اپنی زمینی کارروائیوں کا دائرہ بھی وسیع کر دیا تھا۔
امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے ساتھ ساتھ لبنان میں اسرائیل کی جنگ بھی جاری رہی، تاہم 16 اپریل کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے زیادہ تر جھڑپیں جنوبی لبنان تک محدود رہی ہیں۔
